ایل او سی پر گولہ باری، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں

   

جموں:جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے منکوٹ اور دگوار سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں ایل او سی پر جمعرات کی صبح قریب ساڑھے پانچ بجے جبکہ دگوار سیکٹر میں قریب بارہ بجے دن پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں سیکٹروں میں تعینات بھارتی فوج نے حملوں کا بھر پور اور مناسب جواب دیا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8571بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے ۔