سری نگر : لائن آف کنٹرول پر کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا کیونکہ پاکستانی افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا دائرہ اب پونچھ، راجوری، مینڈھر اور نوشہرہ سیکٹروں تک پھیل چکا ہے ۔ رات بھر شدید گولہ باری نے سرحدی بستیوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے ، اور مقامی مکین اپنی جانیں بچانے زیر زمین بنکروں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق، پاکستانی افواج نے جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی کرکے رات گئے مختلف اقسام کے ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی، جس کے جواب میں ہندوستانی افواج نے بھی مؤثر جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ رات دیر گئے تک جاری رہا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ پونچھ کے ایک شہری نے بتایا، ‘رات کو اچانک گولہ باری شروع ہو گئی، ہم نے بچوں اور خواتین کو لے کر زیر زمین بنکروں میں پناہ لی۔ ہر طرف گولوں کی گڑگڑاہٹ سنائی دے رہی تھی۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے جنگ چھڑ گئی ہو۔ذرائع کے مطابق سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔دفاعی ذرائع نے تصدیق کی کہ پاکستانی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا اور دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنا کر خاموش کرا دیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق، “بھارتی فوج کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے ہمہ وقت تیار ہے اور سرحدی علاقوں میں تعینات جوان الرٹ پر ہیں۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ایل او سی پر پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ، جس سے نہ صرف سرحدی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو رہا ہے بلکہ عام شہریوں کی زندگی بھی غیر محفوظ ہو گئی ہے ۔