۔9 کروڑ روپئے کے مصارف ، اپریل تک تعمیری کام مکمل ہونے کا امکان ، ایچ ایم ڈی اے کا منصوبہ
حیدرآباد :۔ شہر حیدرآباد میں ملک کا پہلا اے سی سیٹلائٹ بس ٹرمنل ایل بی نگر میں قائم کیا جارہا ہے ۔ اس کے لیے ایچ ایم ڈی اے نے 9 کروڑ روپئے کے ٹنڈرس طلب کئے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں 10 بس بیز تعمیر کئے جائیں گے اس کے بعد مزید 14 بس بیز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ملک میں پہلی مرتبہ عصری تقاضوں سے لیس بس بیز تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ پہلے اس کی تعمیر پر 18 کروڑ روپئے کے مصارف کا تخمینہ تیار کیا گیا تاہم ونستھلی پورم کے پاس محکمہ جنگلات کی منظوریوں میں رکاوٹیں پیدا ہوئی جس کے منصوبہ میں تبدیلی لائی گئی اور تخمینہ کو گھٹا کر 9 کروڑ کیا گیا ۔ اس بس ٹرمنل کو تلنگانہ کے مجاہد جنہوں نے اپنی جان دی تھی ۔ سریکانت چاری بس ٹرمنل سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایل بی نگر کی راہداری پر آندھرا پردیش کے ساتھ تلنگانہ کے اضلاع کھمم ۔ بھدرا چلم ۔ نلگنڈہ ۔ سوریہ پیٹ کے لیے روزانہ 20 تا 25 ہزار ملازمین سفر کرتے ہیں ۔ انہیں موثر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تقریبا 680 میٹر رقبہ پر یہ عصری بس بیز تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ اس علاقہ سے روزانہ آر ٹی سی اور خانگی 500 تا 600 بسیں دوڑتی ہیں ۔ عوام کی بھیڑ بھاڑ کے مطابق بس اسٹانڈ نہ ہونے کی وجہ سے مسافرین کئی دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر ٹریفک مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے وہاں موجود بس اسٹانڈ کو برخاست کر کے آٹو نگر کے عقب میں بس ٹرمنل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اے سی بس بیز کی تعمیرات پر 9 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔ ان میں 10 بس بیز پر 4.50 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے ۔ اس کے علاوہ مزید 4.5 کروڑ روپئے سولار پلانٹ ، ڈرینج کی سہولتیں فراہم کرنے میں خرچ کیے جائیں گے ۔ بس بیز کی تعمیرات سے ایک ساتھ 100 بسیں آ اور جا سکتی ہیں ۔ جن سے کوئی ٹریفک مسائل پیدا نہیں ہوں گے اور نہ ہی مسافرین کو کوئی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔۔
