ایل رمنا تلگودیشم سے مستعفی ، مکتوب چندرا بابو کو روانہ

   

Ferty9 Clinic

حضورآباد ضمنی انتخابات کے معاملے میں ٹی آر ایس قیادت کا ہر فیصلہ منظور
حیدرآباد /9 جولائی ( سیاست نیوز ) تلگودیشم قائد ایل رمنا تلنگانہ تلگو دیشم کی صدارت سے مستفی ہوگئے ۔ انہوں نے اپنا مکتوب استعفی پارٹی صدر چندرا بابو نائیڈو کو روانہ کردیا ۔ ایل رمنا نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ تلنگانہ میں سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر عوام سے مزید قریب ہونے اور ریاست کی ترقی میں حصہ دار بننے ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ گذشتہ 30 سال سے ان کی سیاسی ترقی میں حوصلہ افزائی پر وہ چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے عہدوں کی خاطر ٹی آر ایس میں شامل ہونے کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ رکن اسمبلی ‘رکن پارلیمنٹ اور بحیثیت وزیر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ عہدے ان کیلئے نئے نہیں ہیں ۔ وہ اندرون دو تین یوم ٹی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے ۔ رمنا نے ایم ایل سی بننے ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ حضورآباد ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس قیادت جو فیصلہ کریگی اس کو قبول کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سے ملاقات میں ضمنی انتخابات پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے ۔ عوام کی بہتر میں خدمات کیلئے وہ ٹی آر ایس میں شامل ہو رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ کل ایل رمنا نے وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کے ساتھ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی تھی ۔ تقریباً دیڑھ گھنٹہ تک دونوں کے درمیان بات چیت ہوئی ۔