16جولائی کو چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہوں گے
حیدرآباد :12جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے سابق صدر ایل رمنا نے آج تلنگانہ بھون پہنچ کر ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے حکمراں تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس )کی رکنیت قبول کرلی ۔باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ 16جولائی کو ایل رمنا اپنے حامیوں اور تلگودیشم قائدین کے ساتھ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے حکمراںتلنگانہ راشٹرا سمیتی میں باقاعدہ طور پرشامل ہوجائیں گے ۔ جلسہ عام تلنگانہ بھون یا ضلع کریم نگر میں منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر ایل رمنا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ 30 سال سے عوامی خدمات سے وابستہ ہیں ۔ تلنگانہ کی ترقی میں حصہ بننے کیلئے ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی کامیاب تحریک چلائی اور تلنگانہ کو سنہرے ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں
۔ ریاست کا ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہے اور سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ بالخصوص بافندوں کی ترقی کیلئے چیف منسٹر کے سی آر جو ترقیاتی اقدامات کررہے ہیں اس کی ملک کی کسی بھی ریاست میں مثالنہیں ملتی ، جن مقاصد کے حصول کیلئے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک چلائی گئی تھی صرف 7سال میں اس کے نتائج دیکھائی دے رہے ہیں ۔ بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کرتے ہوئے فصلوں کو سیراب کیا جارہا ہے اور گھر گھر پینے کا پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد آج تک 1.30لاکھ سرکاری ملازمتیںاور 15 لاکھ سے زائد خانگی شعبوں میں ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں جس سے متاثر ہوکر وہ ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں مختلف جماعتوں کے قائدین کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس مقصد کیلئے کے سی آر نے ایک تحریک چلائی تھی جس کا اثر مسلسل ظاہر ہورہا ہے ۔