ایمرجنسی کے 45 سال پر بی جے پی ۔ کانگریس لفظی جھڑپ

   

نئی دہلی : سینئر بی جے پی قائدین نے جمعرات کو ایمرجنسی کے 45 ویں سال کی تکمیل پر کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اُس پر الزام عائد کیاکہ وہ ہنوز ایمرجنسی کی ذہنیت سے متاثر ہے اور پارٹی اور ملک کے مفادات پر صرف ایک فیملی کے مفادات کو ترجیح دیتی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئیٹ میں اگرچہ پارٹی کا نام نہیں لیا لیکن اُن قائدین کو سراہا جنھوں نے ایمرجنسی کے خلاف جدوجہد کی۔ وزیرداخلہ امیت شاہ اور دیگر بی جے پی قائدین نے کانگریس کے خلاف وسیع تر محاذ چھیڑ دیا۔ اس کے جواب میں کانگریس نے وزیرداخلہ کو نشانہ بناتے ہوئے سوال کیاکہ کیوں بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کو محض دو افراد کی حکومت قرار دیا جارہا ہے۔ حالانکہ اِس حکومت کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہے۔ ترجمان اعلیٰ کانگریس رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ ملک کی برسر اقتدار پارٹی کو جواب دینے کی ضرورت ہے کہ کیوں ارکان مقننہ کی خرید و فروخت اور بڑے پیمانے پر انحراف کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اور یہی بی جے پی کی شناخت بن چکی ہے۔