ایمرجنگ ٹکنالوجی کے استعمال سے طبی سہولتوں میں توسیع کا موقع

   

ورلڈ اکنامک فورم کے سمیٹ ، وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ ایمرجنگ ٹکنالوجی سے طبی خدمات کو توسیع کرنے کے مواقع دستیاب ہیں ۔ ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے اہتمام کردہ گلوبل ٹکنالوجی گورننس کے سمیٹ میں حصہ لیتے ہوئے سوینگ لائف وتھ ایمرجنگ ٹکنالوجی کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ عصری ٹکنالوجی سے طبی خدمات کو توسیع دینے کے کئی مواقع ہیں ۔ جس سے ریاست تلنگانہ استفادہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ساری دنیا کورونا بحران کا شکار ہے ترقی یافتہ ممالک امریکہ ، یورپ کے ممالک کے علاوہ دنیا کا ہر ملک کے پاس طبی شعبہ میں ضروریات کے بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ دنیا کا ہر ملک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اس بحران پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کورونا کی جنگ جیتنے کے لیے عصری ٹکنالوجی بالخصوص ایمرجنگ ٹکنالوجی اہم سنگ میل ثابت ہوگی ۔ ریاست تلنگانہ ایمرجنگ ٹکنالوجی کے استعمال میں دوسرے سے بہت آگے ہیں ۔ بالخصوص اراضیات کے حصول اور دوسرے نظم و نسق کے اصلاحات سے عصری ٹکنالوجی کو بہت اہمیت دی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر عوامی خدمات میں عصری ٹکنالوجی کو قابل استعمال بنانے کے لیے مختلف جائزہ اجلاسوں میں فیصلے کررہے ہیں ۔ کورونا بحران سے نمٹنے اور کورونا کو کنٹرول کرنے طبی سہولتوں کو دیہی علاقوں تک پہونچانے کے لیے تلنگانہ حکومت بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ تاہم ان شعبوں میں ٹکنالوجی کا استعمال ابتدائی مراحل میں مستقبل میں آرٹیفیشل انٹلی جنس ، ورچول ریالٹی جیسے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عوام کی بھر پور مدد کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ مل کر ایمرجنسی صورتحال میں ڈرونس ٹکنالوجی کے استعمال سے متعلق ایک پائیلٹ پراجکٹ پر کام کررہی ہے ۔ کورونا بحران جیسے دوسرے وباء پر قابو پانے کیلئے دنیا کے ہر انسان ہیلت پروفائیل ڈیجیٹلائز کرنے کی ضرورت ہے ۔۔