ریاست میں دو نئے ایرپورٹس کی تعمیرات اور اسپورٹس یونیورسٹی کی اسپانسر شپ پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ہوائی خدمات کو عالمی معیار کے مطابق وسعت دینے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک اہم پیشرفت کی ہے۔ حیدرآباد کے جوبلی ہلز میں دنیا کی مشہور و معروف ایرلائن کمپنی ایمریٹس (Emirates) کے نائب صدر محمد سرہان نے چیف منسٹر سے ایک خیرسگالی ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب ایمریٹس ایرلائن اپنی شاندار سرویس کی 25 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ اس دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایرلائن کو مبارکباد پیش کی اور حیدرآباد کیلئے دنیا کا سب سے بڑا مسافر برادر ڈبل ڈیکر طیارہ A380 لانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے تاکہ بین الاقوامی مسافروں کو بہترین سفری سہولیات حاصل ہوسکے۔ ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے ریاست کے تعمیری منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بہت جلد دو نئے ایرپورٹس قائم ہونے جارہے ہیں جس کے پیش نظر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایمریٹس کے نائب صدر سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کیلئے اپنی پروازوں کی تعداد اور خدمات میں ابھی سے اضافہ کرنا شروع کردیں کیونکہ ان نئے ایرپورٹس کے فعال ہونے کے بعد ریاست میں مزید طیاروں اور عالمی رابطوں کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت تلنگانہ ایمریٹس کو ریاست میں آپریشنس بڑھانے کیلئے تمام ضروری انفراسٹرکچر اور سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ صرف ایوی ایشن ہی نہیں بلکہ ریاست میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی چیف منسٹر نے اس ملاقات کا بہترین استعمال کیا۔ انہوںنے ایمریٹس کے نائب صدر سے حیدرآباد کی باوقار گچی باؤلی اسپورٹس یونیورسٹی کی بین الاقوامی سطح پر اسپانسر شپ سنبھالنے کیلئے خصوصی طور پر کہا چونکہ ایمریٹس دنیا بھر میں بڑے کھیلوں کے ایونٹس اور کلبس کو اسپانسر کرنے کیلئے جانی جاتی ہے۔ ایمریٹس کے نائب صدر محمد سرہان نے چیف منسٹر کی اس تجویز پر انتہائی مثبت ردعمل ظاہر کیا اور اسپورٹس یونیورسٹی کے پراجکٹ میں تعاون کا یقین دلایا۔H/2