طلبہ کو گھر بیٹھے ماہرین کے لکچرس سے استفادہ کا مشورہ، دفتر سیاست میں آج سے کونسلنگ سیشن
حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز) ایمسیٹ اور نیٹ انٹرنس امتحانات مسابقتی نوعیت کے ہیں۔ اس میں کامیابی سے زیادہ اہم رینک لانا ہوتا ہے۔ موجودہ حالات میں کوویڈ 19 اور لاک ڈاؤن کے بعد سماجی فاصلہ کے قواعد کی بناء کوچنگ کلاسیس پر پابندی ہے۔ طلبہ ان حالات میں آن لائن کلاسیس سے بھرپور استفادہ کے لئے پوری یکسوئی کے ساتھ اس میں شرکت کریں۔ آن لائن کلاسیس میں لکچرر ہوتے ہیں اور تمام شریک طلبہ بھی معلوم ہوجاتے ہیں اور بعد طلبہ کلاس کو کمرہ جماعت کی طرح استعمال کرتے ہوئے لکچر سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ ایمسیٹ اور نیٹ کے لئے ماہرین مضامین ادارہ سیاست کے اشتراک سے آن لائن کلاسیس منعقد کررہے ہیں۔ اس کا باضابطہ آغاز 15 جون سے ہوگا اور ہر لکچرر کو اپنے مضمون کے لئے وقت دیا جائے گا۔ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں اتوار کو دن بھر جاری شخصی کونسلنگ میں طلبہ اور سرپرستوں نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے شرکت کی اور ماہرین کے پیانل میں فزکس کے ماہر مسٹر ایس ایم باشاہ نے طلبہ کو آن لائن کلاسیس کے طریقہ کار سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ ایم بی بی ایس میں داخلہ کے لئے نیٹ میں 500 سے زائد نشانات کس طرح حاصل کیا جاسکتا ہے اور ایمسیٹ میں ذریعہ کونسلنگ کس طرح انجینئرنگ میں فری سیٹ حاصل کرپاسکتا ہے۔ مسٹر احمد بشیرالدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے شخصی کونسلنگ میں طلبہ کو دلچسپی پیدا کرنے کے لئے والدین کی ذمہ داری بتائی کہ وہ گھر بیٹھے کس طرح تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے ایمسیٹ نیٹ کے ساتھ پالی ٹیکنک انٹرنس کے نوٹس ٹسٹ میٹرئیل کی فراہمی کا نظم کیا۔
