ایمس بی بی نگر میں کووڈ کئیر سنٹر کا قیام

   


25 بستروں کی سہولت کے ساتھ 29 اپریل سے آغاز
حیدرآباد۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس ( اے آئی آئی ایم ایس ) بی بی نگر میں 29 اپریل سے کووڈ کئیر سنٹر کا قیام عمل میں آ رہا ہے جہاں ہلکی سے اوسط شدت کے کورونا کیسوں کا علاج کیا جائیگا ۔ ایمس بی بی نگر کے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر پروفیسر وکاس بھاٹیہ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بحران کے اس وقت میں جبکہ کورونا کی لہر نے انتہائی شدت اختیار کرلی ہے بی بی نگر بھونگیر کی جانب سے عوام کو یہ تیقن دیا جارہا ہے کہ یہاں درکار طبی علاج اور نگہداشت کا سلسلہ شروع ہور ہا ہے ۔ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے پر توجہ دی جائیگی ۔ ایمس بی بی نگر عوام کی صحت اور بہتری کے تعلق سے فکرمند ہے اور اسی جذبہ کے تحت یہاں عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے کووڈ کئیر سنٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ کئیر سنٹر میں 25 بستر ہونگے اور یہ سنٹر 29 اپریل سے کام کرنا شروع کردیگا ۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی مختصر وقت میں یہاں بستروں کی تعداد کو بڑھاکر 80 کردیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ یہاں ٹیلی کنسلٹیشن او پی ڈی خدمات کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر بھاٹیہ نے بتایا کہ یہاں عوام کی سہولت کیلئے نہ صرف اینٹی جن اور آر ٹی پی سی آر معائنے کئے جائیں گے بلکہ کورونا کا ٹیکہ دینے کے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔