حیدرآباد۔ 11 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویا نے کہا کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس ( ایمس ) بی بی نگر میںسرمایہ کاری مکمل ہوچکی ہے اور اصل تعمیراتی کاموں کیلئے ایجنسی کا تقرر کردیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ وینکٹیش نیتا کے سوال کا لوک سبھا میں جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے نومبر 2023 کا نشانہ رکھا گیا ہے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ ایمس بی بی نگر میں ایم بی بی ایس کے بیاچ میں داخلوں کا آعاز کردیا گیا ہے اور محدود آوٹ پیشنٹ خدمات کو بھی جاریہ سال 2 جون سے شروع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک پراجیکٹ کے طور پر ایمس کی تکمیل کیلئے فنڈز علیحدہ جاری کئے جا رہے ہیں اور ایک ایجنسی کو پراجیکٹ کی تکمیل کی ذمہ داری دیدی گئی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پراجیکٹ بروقت مکمل ہوجائیگا ۔