ایمس کے ٹراما سنٹر میں آگ لگنے کا واقعہ

,

   

نئی دہلی 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس میں آپریشن تھیٹر کے قریب ٹراما سنٹر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں عوام بشمول مریضوں میں سنسنی پیدا ہوگئی تھی ۔ آگ لگانے کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ ایمس کے حکام نے یہ بات بتائی ۔ دہلی فائر سروسیس نے بتایا کہ شام 6.13 بجے آگ لگنے کی انہیں اطلاع ملی تھی اور 24 فائر انجن آگ پر قابو پانے کیلئے روانہ کئے گئے تھے ۔ آگ کو رات 8 بجے تک قابو کرلیا گیا تھا ۔ چیف فائر آفیسر اٹل گارگ نے یہ بات بتائی ۔ ایمس انتظامیہ نے اس وقاعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور شبہ کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔ دواخانہ کے ذرائع کے بموجب آگ لگنے کے واقعہ سے صرف نصف گھنٹے قبل دو مریضوں کا مختلف تھیٹرس میں آپریشن ہوا تھا اور وہ ریکوری رومس میں تھے ۔ دواخانہ کے عملہ اور ڈاکٹرس نے انہیں فوری ایمرجنسی علاقہ میں منتقل کردیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ تقریبا 50 مریضوں کو جو الگ الگ فلورس پر تھے وہاں سے منتقل کردیا گیا تھا ۔