ایم آئی ایم کے من گھڑت الزامات کی مذمت : اکبر حسین

   

حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن تلنگانہ اسٹیٹ سید اکبر حسین نے صدر سٹی یونٹ ایم آئی ایم کریم نگر سید غلام احمد حسین کی جانب سے لگائے گئے من گھڑت الزامات کی مذمت کی ۔ اکبر حسین نے کہا کہ ٹی آر ایس اور ایم آئی ایم کی ڈیویژن نمبر 45 پر کوئی انتخابی مفاہمت نہیں تھی ۔ اس کے باوجود سید غلام احمد حسین نے انہیں بدنام کرنے کے لیے اس حلقہ سے ایم آئی ایم کے امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا ۔ انہوں نے ایم آئی ایم کے امیدوار کی شکست کے بعد خود کی غلطی کو چھپانے کے لیے ان پر بے ہودہ الزامات لگائے اور بنا کسی ثبوت کے بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ کے جہد کار ہیں ۔ انہوں نے سال 2001 میں علحدہ تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا تھا اور اس وقت سے آج تک وہ ٹی آر ایس کے سپاہی ہیں اور رہیں گے ۔ حالیہ بلدی انتخابات میں ان کا بی جے پی کی تائید کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ سید غلام احمد حسین نے ان کے خلاف جو غلط الزامات عائد کئے ہیں اس سلسلہ میں وہ عدالت سے رجوع ہو کر ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گے ۔۔