حیدرآباد۔/29 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی ( ایم آر پی ایس ) کے سربراہ مندا کرشنا مادیگا سے ان کی قیامگاہ واقع عنبر پیٹ پہنچ کر ملاقات کی اور صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے مندا کرشنا مادیگا کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور تلنگانہ میں دلتوں اور پسماندہ طبقات کو انصاف دلانے کی جدوجہد میں تعاون کی خواہش کی۔ اس موقع پر نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی، پردیش کانگریس کے ترجمان اے دیاکر، مانوتا رائے اور ایم آر پی ایس کے قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ علحدہ تلنگانہ کیلئے مادیگا طبقہ نے کافی جدوجہد کی۔ نئی ریاست کے قیام کے باوجود مادیگا طبقہ کی بھلائی کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی طبقات کی زمرہ بندی کیلئے مندا کرشنا مادیگا جدوجہد کررہے ہیں۔ کانگریس پارٹی ان کے مطالبہ کے ساتھ ہے اور قومی سطح پر جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے ایس سی زمرہ بندی پر تحریک التواء پیش کی تھی۔ مندا کرشنا مادیگا 25 برسوں سے انصاف کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ مرکزی حکومت اس مطالبہ کو قبول کرنے تیار نہیں ہے حالانکہ وینکیا نائیڈو اور کشن ریڈی نے تائید کا تیقن دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس حکومت اسمبلی میں ایس سی زمرہ بندی پر بل پیش کرے تو کانگریس پارٹی تائید کرے گی۔ ر