حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست ۔ ( پریس نوٹ ) ایم ایس ڈگری کالج کے قیام کا مقصد معیاری جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار پر زور دیتے ہوئے لڑکیوں کے لیے صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ یہاں ملت کی بیٹیوں کو متوازن زندگی گذارنے کی تربیت، گھریلو امور میں ذمہ دارانہ رویہ اپنانے اور مذہبی حدود میں روزگار حاصل کرنے کی تیاری کروائی جاتی ہے۔ چنانچہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے عثمانیہ یونیورسٹی سے الحاق شدہ چار ڈگری کالجس ٹولی چوکی، آصف نگر، ملک پیٹ اور شاہ علی بنڈہ میں قائم کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائرکٹرانور احمد نے کیا۔ایم ایس ڈگری کالج کے چاروں کیمپس پر سال اول کے طالبات کے لئے منعقدہ اورینٹیشن پروگرام منعقد کیا گیاجس سے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے وائس چیرپرسن نزہت صوفی خان، منیجنگ ڈائرکٹرانور احمداور سینیئر ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد معظم حسین نے خطاب کیا۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چاروں ڈگری کالج خواتین کے لئے مختص ہیں اور اس وضع سے قائم کیے گئے ہیں کہ والدین کے اپنی بیٹیوں کی اعلیٰ تعلیم کے بارے میں خدشات کو دور کیا جا سکے۔ایم ایس کے ڈگری کالجس میں، بی اے، بی کام، بی بی اے اور بی ایس سی کے کورسس میں یونیورسٹی کے نصاب کے علاوہ بھی طالبات کو روزگار پر مبنی سرٹیفیکیٹ کورسس کی تربیت دی جاتی ہے جن میں ویب ڈیزائنینگ اور آرٹیفیشیل انٹلجنس، ٹیچرس ٹرینینگ، حنا اینڈ انٹیریر ڈیزانینگ، بیکنگ اینڈ کوکنگ، فیشن ڈیزائنینگ، کیلی گرافی پینٹنگ اینڈ ڈیزائنینگ اور ایرلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن شامل ہے۔اس موقع پرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے انتظامیہ کی طرف سے یہ پیغام دیا گیا کہ ” اگر آپ عورت کو تعلیم دیتے ہیں؛ آپ ایک نسل کو تعلیم دیتے ہیں۔” خواتین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ گھر کو سنبھالنے اور بچوں کی پرورش میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔