موجودہ دو ارکان دوبارہ انتخاب کے خواہاں، گورنر کے اعتراض سے بچنے کی کوشش، امبیڈکر جینتی کے بعد اعلان متوقع
حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کی گورنر کوٹہ کی دو نشستوں کیلئے بی آر ایس امیدواروں کے انتخاب کا معاملہ چیف منسٹر کے سی آر کیلئے الجھن بن چکا ہے۔ ایک طرف امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں سابقہ تجربات کے پیش نظر حد درجہ احتیاط پر توجہ ہے تاکہ حکومت کی جانب سے تجویز کردہ کسی نام پر گورنر کو اعتراض نہ ہو۔ دوسری طرف دونوں نشستوں پر دوبارہ نامزدگی کیلئے موجودہ ارکان کونسل کی جانب سے زبردست دباؤ ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے گذشتہ ماہ کابینی اجلاس میں گورنر کوٹہ کے امیدواروں کے انتخاب پر مشاورت کی تھی لیکن اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ دو نشستوں کیلئے کئی قائدین نے اپنی دعویداری پیش کردی ہے جبکہ بی راجیشور راؤ اور فاروق حسین جن کی میعاد مئی میں ختم ہوگی دوبارہ نامزد کئے جانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر سے کونسل کی نشستوںکیلئے ریاستی وزراء نے بھی کئی نام پیش کئے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی پروگرام کے بعد امیدواروں کے ناموں کا کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کریں گے۔ گورنر کو سابق میں کوشک ریڈی کا نام روانہ کیا گیا تھا لیکن ان پر مقدمات کے سبب گورنر نے اعتراض کیا جس کے بعد کوشک ریڈی کی جگہ مدھو سدن چاری کا نام پیش کیا گیا۔ امیدواروں کے انتخاب میں چیف منسٹر کی الجھن کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ میعاد ختم ہونے والے دونوں ارکان کا تعلق اقلیتی طبقہ سے ہے۔ راجیشور راؤ کرسچین طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں لہذا چیف منسٹر کو کرسچین اور مسلمان میں کسی ایک کا انتخاب کرنے میں دشواری ہورہی ہے۔ پارٹی قائدین نے توقع ظاہر کی کہ چیف منسٹر دو میں سے ایک نشست پر کسی مسلم قائد کا نام پیش کرسکتے ہیں لیکن یہ یقینی طور پر کہا نہیں جاسکتا کہ وہ نام فاروق حسین کا ہوگا یا پھر پارٹی کے کسی اور مسلم قائد کا۔ بی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر کے سی آر نے بی سی اور ایس سی طبقہ کے کئی قائدین کو ایم ایل سی نشست کا وعدہ کیا تھا۔ گورنر کوٹہ کی دو نشستوں کیلئے خواہشمندوں کی کثیر تعداد کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ مارچ 2025 تک پھر کوئی نشست خالی نہیں ہوگی۔ 2025 میں 8 ارکان کونسل کی میعاد ختم ہوگی جن میں ایم ایل اے کوٹہ، ٹیچرس زمرہ اور گریجویٹ زمرہ کے ارکان شامل ہیں۔ موجودہ اہم دعویداروں میں سابق رکن اسمبلی بھکشا پتی گوڑ، کے پربھاکر، این اوڈیلو، اے وینکٹیشور ریڈی، ٹی ناگیشور راؤ اور حج کمیٹی کے صدرنشین محمد سلیم شامل ہیں۔ر