صدر پردیش کانگریس کا زوم اجلاس
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ایم ایل سی انتخابات کے ضمن میں پارٹی قائدین کے ساتھ زوم اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے گریجویٹ ایم ایل سی نشست پر کانگریس پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے قائدین اور کارکنوں کو پولنگ کے موقع پر چوکسی کی ہدایت دی۔ عادل آباد، نظام آباد، میدک اور کریم نگر کے ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ منڈل صدور کے ساتھ مہیش کمار گوڑ نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رائے دہی کے موقع پر انتخابی دھاندلیوں کی تیاری کررہی ہے لہذا کانگریس کارکنوں کو چوکس رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے مساعی کی جائے اور کانگریس کے حامی رائے دہندوں سے ربط قائم کرتے ہوئے پولنگ میں حصہ لینے کی ترغیب دی جائے۔ مہیش کمار گوڑ نے رائے دہی کے دن اور پھر رائے شماری تک قائدین اور کارکنوں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بیالٹ باکسیس کے اسٹرانگ رومس کی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں کا رجحان کانگریس پارٹی کے حق میں ہے تاہم رائے دہی کے موقع پر کسی طرح کی کوئی غفلت بھی نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے پولنگ اسٹیشنوں میں الیکشن ایجنٹس کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے تاکہ مخالفین کی دھاندلیوں کو روکا جاسکے۔1