دو نشستوں کیلئے بیک وقت الیکشن ہونے پر کانگریس اور بی آر ایس کو ایک نشست ملنے کا امکان
الگ الگ انتخابات پر دو نشستوں پر کانگریس کی کامیابی ، ریاستی الیکشن کمیشن کی سنٹرل الیکشن کمیشن سے وضاحت طلبی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاست میں ایم ایل اے کوٹہ کے تحت مخلوعہ ہونے والی دو ایم ایل سی نشستوں کیلئے انتخابات پر غیر یقینی صورت حال پیدا ہوگئی ہے ۔ کڈیم سری ہری اور پی کوشک ریڈی حالیہ اسمبلی انتخابات میں رکن اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں ۔ کونسل کی ان دو مخلوعہ نشستوں کے ساتھ اترپردیش کی ایک ایم ایل سی نشست کیلئے 29 جنوری کو انتخابات کرنے کا سنٹرل الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ہے ۔ جس میں تین ضمنی انتخابات کیلئے علحدہ علحدہ انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ یہی اب موضوع بحث بن گیا ہے ۔ تلنگانہ کی دو نشستوں کیلئے دو مرتبہ علحدہ انتخابات ہونگے یا دو نشستوں کیلئے بیک وقت انتخابات ہونگے اس کی کوئی ضاحت نہیں ہے ۔ عموما ایک ریاست میں ایک ہی دن انتخابات پر میعاد مکمل کرنے والے ارکان کونسل کے انتخابات کو ایک ہی انتخاب تصور کیا جائے گا اور ایک ہی بیالٹ کے ذریعہ پولنگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ فی الحال ریاست میں دو نشستوں کیلئے یہی رول ہوگا ۔ اسمبلی میں جملہ ارکان کی تعداد کے لحاظ سے ووٹ کی قدر کا فیصلہ کیا جاتا ہے ۔ مثال کے طور پر تلنگانہ کی 119 ارکان پر مشتمل اسمبلی ہے ۔ دو نشستوں کیلئے انتخابات ہونگے ۔ ووٹ کی قدر 40 ہوگی ۔ دونوں نشستوں کیلئے بیک وقت انتخابات میں کانگریس کے 64 ارکان اسمبلی ہیں ۔ پہلا ترجیحی ووٹ 40 ارکان اسمبلی کا ہوگا ۔ بی آر ایس کے 39 ارکان اسمبلی اپنے امیدوار کیلئے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہیں تو انہیں مزید ایک ووٹ کی ضرورت ہوگی ۔ مجلس تائید کرنے پر بی آر ایس امیدوار کو 46 ووٹ حاصل ہوں گے ۔ دونوں نشستوں کیلئے بیک وقت انتخابات ہوتے ہیں تو کانگریس کو ایک اور بی آر ایس کو ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ الگ الگ انتخابات کی صورت میں ہر ایک رکن اسمبلی کو دو امیدواروں کو دو دو ووٹ دینا ہوگا ۔ جس کے نتیجہ میں 64 ارکان والی کانگریس کو دو نشستوں پر کامیابی کے امکان ہیں ۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے سنٹرل الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرکے وضاحت طلب کی ہے ۔ ریاستی الیکشن کمیشن توقع کررہی ہے کہ 11 جنوری کو ایم ایل سی کی دو مخلوعہ نشستوں پر انتخابات کیلئے نوٹیفیکیشن جاری ہوگا ۔ اس سے قبل سنٹرل الیکشن کمیشن وضاحت کرے گی ۔۔ 2