ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس میں کونسلنگ کے ذریعہ ہی داخلے

   

ادارہ سیاست و ایم ایس ایجوکیشن کے اشتراک سے نیٹ پری کونسلنگ سیشن ، جناب معظم حسین، جناب غوث الدین، ایم اے حمید کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) نیٹ قومی سطح کا مسابقتی امتحان ہے جس میں 22 لاکھ سے زائد امیدوار شرکت کرتے ہیں۔ اس سال نیٹ امتحان کا پرچہ سابقہ تمام امتحانات کے مقابل انتہائی مشکل رہا۔ اس لئے مقابلہ ایم بی بی ایس داخلے کیلئے کٹ آف کم ہوگیا۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد معظم حسین منیجنگ ڈائرکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے یہاں رائل ریجنسی گارڈن میں نیٹ کے پری کونسلنگ سیشن کے کثیر مجمع سے مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ایم بی بی ایس میں داخلے کے بعد طلبہ پی جی کی تیاری کریں۔ ہر سال لگ بھگ دوسو مسلم طلبہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی سے داخلے حاصل کررہے ہیں اور تاحال ڈھائی ہزار مسلم ڈاکٹرس تیار کئے۔ آئی اے ایس افسران بھی بنائے ہیں۔ جناب محمد غوث الدین ڈائرکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے کونسلنگ کے مکمل طریقہ کار الگ الگ زمرہ جات کے علاوہ دیگر تفصیلات بتائی اور والدین کے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات کے جوابات کو انتہائی آسان انداز میں پیش کیا۔ شہر کے علاوہ اضلاع سے آئے طلبہ اور سرپرستوں نے اس سے بھرپور استفادہ کیا۔ انہوں نے مسلم طلبہ پر زور دیا کہ وہ حتی الامکان گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخلے کو یقینی بنائیں۔ جناب ایم اے حمید کیریئر کونسلر نے تمام سوالات کا تشفی بخش جواب دیا۔ جناب غوث صاحب نے اپنے دیرینہ تجربہ کی روشنی میں طلبہ اور سرپرستوں کو زرین مشورہ دیا۔ اس کونسلنگ سیشن کا اہتمام ادارہ سیاست اور ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوا۔ جناب محمد صادق علی ڈائرکٹر مہدی پٹنم ایم ایس بھی طلبہ کی رہنمائی کی۔ جناب ایم اے حمید کیریئر کونسلر سیاست نے کونسلنگ کا مکمل طریقہ کار آل انڈیا کوٹہ کے ایم سی سی کونسلنگ کے ذریعہ ملک بھر کے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 15 فیصد نشستیں اور ڈیمڈ یونیورسٹی میں 100 فیصد داخلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ریاستی کونسلنگ جو تلنگانہ میں کے این آر یو ایچ ایس آر کے تحت تین زمرہ جات کی ایم بی بی ایس ؍ بی ڈی ایس کی ہوتی ہیں تفصیلات بتائی۔ ہر ایک نشست یونیورسٹی الاٹ کرتی ہے۔ امیدوار کو الاٹمنٹ لیٹر حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس سے داخلہ ہوتا ہے۔ اے آئی کیو کی کونسلنگ ایم سی سی کے تحت ہوتی ہیں جبکہ تلنگانہ کی اسٹیٹ کونسلنگ کے این آر یو ایچ ایس کے تحت ہوتی ہے۔ جناب محمد معین الدین نے اس کونسلنگ سیشن کے انعقاد میں کافی معاونت کی جو طلبہ کیلئے کافی مفید ثابت ہوا۔ اس موقع پر احمد بشیرفاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نے اسکالر شپس کی تفصیلات بتائی۔ حافظ ظہیر کی قرأت سے سیشن کا آغاز ہوا۔ شہر کے علاوہ اضلاع سے نیٹ امیدواروں نے شرکت کی۔ آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا۔