ایم بی بی ایس میں داخلے کے بعد میڈیکوز کو جذبہ خدمت سے سرشار کریں

   

شعبہ طب انسانیت کی خدمت کا موثر ذریعہ ،سیاست، ایم ایس ، میڈیکو ایوارڈ تقریب سے معظم حسین کا خطاب

حیدرآباد۔20 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) میڈیکل ایجوکیشن پیشہ ورانہ تعلیم ہے جس کے ذریعہ طلبہ ڈاکٹر بن کر شعبہ طب سے وابستہ ہوتے ہیں جو انسانیت کی خدمت کا موثر ذریعہ ہے۔ طلبہ کو دوران تعلیم ہی جذبہ خدمت سے سرشار ہونا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد معظم حسین منیجنگ ڈائرکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے یہاں دفتر سیاست میں میڈیکو ایوارڈ عطا کرتے ہوئے کیا جو ایم بی بی ایس میں داخلہ پانے والے طلبہ کو عطا کئے گئے۔ اس سال ایک ہزار سے زائد مسلم طلبہ نے داخلے حاصل کئے ۔ انہیں مومنٹو ، سند بھی دیئے گئے ۔ جناب معظم حسین صاحب نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے ایم ایس کے تعلیمی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ جناب احمد بشیرالدین فاروقی موظف ڈی ای او نے اسکالرشپ کی تفصیلات بتائی ۔ جناب نعیم اللہ شریف نے حالیہ واقعات بتاتے ہوئے نئی نسل کو تعلیم کو ہتھیار بناکر ترقی کرنے کا مشورہ دیا ۔ جناب محمد صادق علی ڈائرکٹر ایم ایس مہدی پٹنم سنٹر نے نیٹ کے حوالے سے ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے تلنگانہ کو ملک کی ایسی ریاست قرار دیا جہاں ایک ہزار سے زائد مسلم طلبہ گورنمنٹ ، پرائیویٹ اور میناریٹی کالجس میں مفت داخلے پائے ہیں۔ ایم بی بی ایس تلنگانہ کے 65 میڈیکل کالجس میں دس ہزار نشستیں ہیں اور اے زمرہ میں ایک ہزار مسلم طلبہ کا داخلہ 20 فیصد تناسب ہے ، طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ 500 سے زائد نشانات کے حصول کا ٹارگٹ بناکر تیاری کریں، نہ کہ کٹ آف 394 یا 421 نہ سمجھیں، اس طرح نیٹ کی سخت محنت کے بعد اچھے مارکس اور نشانات حاصل کرسکتے ہیں ۔ ایم اے حمید کیریئر کونسلر سیاست نے خیرمقدم کیا اور نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ جناب اصغر علی خاں کے ہاتھوں لڑکے/ لڑکیوں کو میڈیکو ایوارڈس دیئے گئے ۔ شہر کے علاوہ ا ضلاع سے بھی طلبہ اور سرپرستوں نے شرکت کی ۔ جناب عامر علی خاں کے زیر صدارت بھارتیہ ودیا بھون میں منعقدہ ایوارڈ تقریب کے بعد کئی طلبہ جنہوں نے ایوارڈ حاصل نہیں کیا اور جن کو تیسرے مرحلہ میں داخلہ ملا، انہیں یہ ایوارڈ ایک اور تقریب رکھتے ہوئے عطا کئے گئے۔ حافظ ظہیر احمد کی قرأت سے یہ پروگرام کا آغاز ہوا ۔ جناب معین الدین نے میڈیکل کی کتابیں اور وائٹ کورٹ طلبہ کو دیئے۔ محمد شاکر احمد اور علی شاہ نے معاونت کی۔