نئی دہلی : اپوزیشن نے اپنے سخت موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے حکومت کے غلط اور غیر جمہوری طرز عمل نے احتجاج پر مجبور کیا ہے۔ اپوزیشن قائدین نے الزام عائد کیا کہ مرکز پارلیمنٹ میں عوامی اہمیت کے حامل مسائل پر مباحث سے بچنے کے لئے 12 راجیہ سبھا ارکان کی معطلی جیسے غیر واجبی اقدامات میں ملوث ہو رہا ہے۔ آج دونوں ایوان کے بعض اراکین نے احتجاجی راجیہ سبھا ارکان کے ساتھ دھرنے میں شامل ہوکر اظہار یگانگت کیا۔ دریں اثناء راجیہ سبھا اور لوک سبھا دونوں ایوان کی کارروائی بدستور متاثر ہوئی، یہاں تک کہ دونوں ایوان جمعرات کو 11 بجے دن تک ملتوی کردیئے گئے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ معطل ایم پیز کو بحال کیا جائے۔