ہند ۔ بنگلہ تعلقات بہت بہتر۔ بنگلہ دیش کے معتمد خارجہ شاہد الحق کا اظہار خیال
نئی دہلی 5 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے آج کہا کہ وہ آسام میں قومی رجسٹر شہریت ( این آر سی ) کی اشاعت سے متعلق حالات اور تبدیلیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے تاہم اس سے ہندوستان نے یہ واضح کردیا ہے کہ این آر سی ہندوستان کا داخلی مسئلہ ہے ۔ بنگلہ دیشی معتمد خارجہ شاہد الحق نے کہا کہ وزیراعظم شیخ حسینہ نے یہ مسئلہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں اٹھایا تھا جب دونوں کے مابین وسیع تر امور پر تبادلہ خیال ہوا تھا ۔ اس موقع پر نریندر مودی نے این آر سی کے عمل کی شیخ حسینہ سے وضاحت کی ۔ شاہد الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے یہ کہا گیا ہے کہ این آر سی ہندوستان کا داخلی مسئلہ ہے ۔ ہمارے باہمی تعلقات فی الحال بہت بہتر ہیں ۔ تاہم ساتھ ہی ہم اس مسئلہ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ طویل وقت سے زیر التواء بی بی آئی این موٹر وہیکلس معاہدہ کے تعلق سے انہوں نے اشارہ دیا ہے ک ہندوستان ‘ نیپال اور بنگلہ دیش اس معاہدہ کو قطعیت دے سکتے ہیں اگر بھوٹان اس میں شامل ہونا نہیں چاہتا ۔ بنگلہ دیش ‘ بھوٹان ‘ ہندوستان اور نیپال موٹر وہیکل معاہدہ چاروں ملکوں کے مابین حمل و نقل کو بہتر بنانے کے مقصد سے زیر غور ہے ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس بیان پر کہ آسام سے غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کو واپس بھیجا جائیگا بنگلہ دیشی معتمد خارجہ نے کہا کہ فی الحال اس مرحلہ پر ایسا کچھ نہیں ہے اور اس کو ایک بحران کی کیفیت میں نہیں بدلا جانا چاہئے ۔ ہم کو وقت کا انتظار کرنا چاہئے ۔
سرکاری ذرائع نے کہا کہ ہندوستان نے شیخ حسینہ پر یہ واضح کردیا ہے کہ این آر سی کی اشاعت عدالت کی نگرانی میں کیا گیا عمل تھا اور قطعی صورتحال اب بھی واضح نہیں ہوئی ہے ۔ شاہد الحق نے کہا کہ بنگلہ دیش فی الحال اس مسئلہ پر فکرمند نہیںہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی سمجھتے ہیں کہ یہ ہندوستان کا داخلی مسئلہ ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے شیخ حسینہ سے اس پر وضاحت کی کہ ہندوستان نے کیا طریقہ کار اختیار کیا تھا ۔ شیخ حسینہ نے نریندر مودی کے ساتھ نیویارک میں گذشتہ مہینے ہوئی باہمی ملاقات میں بھی اس مسئلہ کو اٹھایا تھا ۔ آج بھی باہمی ملاقات میںاس پر دونوں قائدین کے مابین تبادلہ خیال ہوا ہے ۔