نئی دہلی: اجیت پوار گروپ والے این سی پی کے ارکانِ اسمبلی کی نااہلی سے متعلق فیصلے کی مدت میں ایک بار پھر توسیع ہو گئی ہے۔ یہ توسیع مہاراشٹرا اسمبلی اسپیکر کی درخواست پر سپریم کورٹ نے کی ہے۔ اس فیصلے کیلئے پہلے 31 جنوری 2024 کی تاریخ مقرر تھی جو توسیع کے بعد اب 15 فروری ہو گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی قیادت والی تین ججوں کی بنچ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کی درخواست پر توسیع کا یہ فیصلہ دیا ہے۔ سالیسٹر جنرل نے مہاراشٹرا اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے توسیع کا یہ مطالبہ کیا تھا۔ تشار مہتا نے فیصلے کیلئے بنچ سے مزید وقت مانگا جس پر بنچ نے فیصلہ سنانے کی آخری تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی۔قابل ذکر ہے کہ شرد پوار گروپ کے لیڈر جینت پاٹل نے اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کے سامنے ایک عرضی دائر کی تھی جس میں اجیت پوار گروپ کے ایم ایل ایز کو پارٹی انحراف مخالف قانون (اینٹی ڈیفکشن لا) کے تحت نااہل قرار دینے کی اپیل کی تھی۔ اسمبلی اسپیکر کی جانب سے فیصلے میں تاخیر کی بنا پر یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچا ۔
