ممبئی : لوک سبھا انتخابات میں مہاراشٹر میں بی جے پی کی شکست کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) ابھی تک بھلا ہی نہیں پا رہا ہے۔ نتائج کے فوراً بعد ’آرگنائزر‘ میں اس نے مہاراشٹر میں بی جے پی کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ اجیت پوار کے ساتھ اتحاد کو قرار دیا گیا تھا۔ اسی بات کا اعادہ اس نے اب اپنے مراٹھی ترجمان ہفت روزہ ’وویک‘ میں بھی کیا ہے۔ اس ہفت روزہ میں شائع ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کے ساتھ اتحاد لوک سبھا انتخابات میں مہاراشٹر بی جے پی کی خراب کارکردگی کے لیے ذمہ دار ہے۔ہفتہ روزہ ’وویک‘ کے تازہ شمارے میں لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کی وجوہات پر بات کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر میں بی جے پی کی شکست سے متعلق آج بی جے پی کا ہر کارکن سب سے پہلے این سی پی کے ساتھ اتحاد کا نام لیتا ہے۔ یہ واضح ہے کہ بی جے پی کارکنوں کو این سی پی کے ساتھ اتحاد پسند نہیں تھا۔ یہاں تک کہ بی جے پی کے لوگ بھی اس بات کو جانتے ہیں۔ مضمون میں مزید کہا گیا ہے کہ شیوسینا کے ساتھ بی جے پی کا اتحاد ہندوتوا پر مبنی تھا اور یہ ایک طرح سے فطری تھا۔ کچھ رکاوٹوں کے باوجود بی جے پی اور شیو سینا کے درمیان دہائیوں پرانا اتحاد جاری ہی رہا لیکن این سی پی کے معاملے میں ایسا نہیں ہے۔