ممبئی ، 24 جون (یو این آئی) این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے ریاستی نائب صدر سلیم سارنگ نے احمد نگر کے رکن اسمبلی سنگرام جگتاپ کی جانب سے مسلم مخالف بیانات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی صدراجیت پوار اور ریاستی صدر سنیل تٹکرے سے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔سارنگ نے اس سلسلے میں اجیت پوار اور سنیل تٹکرے کو ایک تفصیلی شکایتی مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ سیکولر نظریات کو اپنایا ہے اور سیاسی اتحاد خواہ کسی کے ساتھ بھی ہو، پارٹی نے اپنا سیکولر تشخص برقرار رکھا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سیکولرازم اور تمام مذاہب کے احترام پر مبنی نظریہ ہی این سی پی کی بنیاد ہے ، جس کی وجہ سے وہ اور مسلم کمیونٹی کے کئی دیگر نمایندے پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے وابستہ ہیں۔