این ٹی راما راؤ کو دونوں تلگو ریاستوں میں خراج عقیدت

   

فلم اسٹار بالا کرشنا اور ارکان خاندان این ٹی آر گھاٹ پر
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے بانی اور سابق چیف منسٹر آنجہانی این ٹی راما راؤ کو آج دونوں تلگو ریاستوں میں ان کی 26 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ حیدرآباد میں واقع این ٹی آر گھاٹ پر این ٹی آر خاندان کے ارکان کے علاوہ تلگو دیشم قائدین اور فلمی شخصیتوں نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ فلم اسٹار بالا کرشنا کی قیادت میں این رام کرشنا ، سہاسنی این ٹی آر اور دیگر افراد خاندان نے این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر پھول نچھاور کئے اور غریبوں میں پھل اور دیگر ضروری سامان تقسیم کئے۔ تلگو دیشم تلنگانہ کے صدر بی نرسملو، رکن پولیٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی کے علاوہ این ٹی آر کی بیوہ لکشمی پاروتی نے بھی این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر خراج ادا کیا۔ اس موقع پر بالا کرشنا نے کہا کہ جب تک تلگو سماج باقی رہے گا اس وقت تک این ٹی آر کی یاد زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی راما راؤ نے فلموں کے علاوہ سیاسی زندگی میں جو مقام حاصل کیا ہے اس کا کوئی بھی بدل نہیں ہوسکتا وہ تلگو عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ بالا کرشنا نے کہا کہ جی او 610 کو این ٹی راما راؤ حکومت نے جاری کیا تھا جس کے ذریعہ مقامی افراد کو روزگار یقینی بنانے کی کوشش کی گئی۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں این ٹی راما راؤ کی برسی منائی گئی۔ این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا۔ رسول پورہ میں واقع این ٹی آر کے مجسمہ پر کئی تلگو دیشم قائدین نے پھول نچھاور کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر کو خراج پیش کیا۔ر