امیت شاہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس ، 5 ریاستوں کیلئے جملہ 1554 کروڑ کی اجرائی، آفات سماوی کے باز آبادکاری و امدادی کام
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے بشمول 5 ریاستوں کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (NDRF) کے تحت 1554.99 کروڑ کی اضافی امداد کو منظوری دی ہے۔ پانچ ریاستوں میں سیلاب، طوفانی تباہی، زمین کے کھسکنے اور دیگر آفات سماوی کے سبب 2024 میں نقصانات پر مرکزی حکومت نے اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے تحت موجود مرکزی وزارت داخلہ نے تلنگانہ، آندھرا پردیش، ناگا لینڈ، اڈیشہ اور تریپورہ کیلئے قومی آفات سماوی فنڈز کی منظوری دی ہے۔ تلنگانہ کیلئے 231.75 کروڑ کی منظوری دی گئی جبکہ آندھرا پردیش کیلئے 608.08 کروڑ منظور کئے گئے۔ مرکزی وزارت داخلہ کی اعلیٰ اختیاری کمیٹی نے امیت شاہ کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں سیلاب اور دیگر آفات سماوی کیلئے امداد کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق آفات سماوی کا سامنا کرنے والی ریاستوں کی مدد کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ ریلیف اور بازآبادکاری کے کام انجام دیئے جائیں۔ اعلیٰ اختیاری کمیٹی نے جو فنڈز مختص کئے ہیں جو ایک سال میں 50 فیصد حصہ داری کے طور پر ہے۔ ناگالینڈ کیلئے 170.99 کروڑ، اڈیشہ کیلئے 255.24 کروڑ جبکہ تریپورہ کیلئے 288.93 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ وزارت داخلہ کے مطابق یہ اضافی امداد مرکز کی جانب سے ریاستوں کے پاس موجود اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے علاوہ رہے گی۔ مالیاتی سال 2024-25 کے دوران مرکزی حکومت نے 27 ریاستوں کو 18322.80 کروڑ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تحت جاری کئے ہیں جبکہ 18 ریاستوں کو نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تحت 4808.30 کروڑ جاری کئے گئے۔14 ریاستوں کو اسٹیٹ ڈیزاسٹر میٹگیشن فنڈ کے تحت 2208.55 کروڑ جبکہ 8 ریاستوں کو نیشنل ڈیزاسٹر میٹگیشن فنڈ کے تحت 719.72 کروڑ جاری کئے گئے۔ مرکزی حکومت نے آفات سماوی کے فوری بعد نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے بین وزارتی عہدیداروں کی ٹیموں کو روانہ کیا تھا۔ مرکزی ٹیموں کی رپورٹ اور سفارشات کی بنیاد پر مرکز نے مختلف مدات کے تحت متاثرہ ریاستوں کو فنڈز جاری کئے ہیں۔1