این ڈی اے دور حکومت میں دہشت گرد حملوں میں کمی

   

مخالف سکھ فسادات اور بھوپال گیس سانحہ متاثرین سے انصاف کون کریگا ؟ ۔ مودی کا سوال
تھینی 13 اپریل ( سیاست ڈآٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کو اس کی نیائے اسکیم پر تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ پارٹی 1984 کے مخالف سکھ فسادات کے متاثرین سے انصاف کرے ۔ بھوپال گیس سانحہ کے متاثرین سے انصاف کرے اور دلتوں کے خلاف مظالم پر انصاف کرے ۔ انہوں نے رامنتا پورم میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ملک بھر میں دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں جبکہ این ڈی اے کی پالیسی کی وجہ سے یہ حملے رک گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈی ایم کے ‘ کانگریس اور مسلم لیگ اتحاد کو ووٹ دیا جاتا ہے تو اس سے مستقبل میں ٹیکسیس میں اضافہ ہوگا ‘ ترقی میں کمی ہوگی اور دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ مل جائیگی ۔ اس کے علاوہ سیاست میں مجرمانہ عناصر بھی سر ابھارنے لگیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہندوستان کا تحفظ نہیں کرسکتے وہ قوم کو ترقی بھی نہیں دلا سکتے ۔ جب کانگریس اور اس کی حلیف جماعتیں اقتدار پر تھیں اس وقت دہشت گرد مسلسل قوم پر حملے کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بعد شہر میں دھماکے ہوتے رہے تاہم کانگریس حکومت بے بس اور خاموش بیٹھی رہی ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اب تاہم وقت بدل گیا ہے ۔ ہندوستان کسی ایک بھی دہشت گرد یا جہادی کو بخشے گا نہیں۔ اگر وہ ہم پر حملہ کرنے کی جراء ت کرتے ہیں تو ہم جہاں کہیں وہ ہونگے پتہ چلائیں گے اور ان کی خوشیوں کو تہس نہس کردینگے ۔ مودی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور بے ایمانی بہترین دوست ہیں لیکن کبھی کبھار غلطی سے وہ سچ بھی بولنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کانگریس پارٹی کا نعرہ ہے کہ اب ہوگا نیائے ۔ اگر وہ واقعی ایسا کرنا بھی چاہتے ہیں تو انہوں نے یہ اعتراف کیا ہے کہ گذشتہ 60 سال سے وہ مسلسل نا انصافی کرتے آ رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کانگریس سے سوال کرنا چاہتے ہیں کہ 1984 مخالف سکھ فسادات کے متاثرین سے انصاف کون کریگا ۔ وہ مخالف دلت تشدد کے متاثرین سے انصاف چاہتے ہیں وہ کون کریگا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ بھوپال گیس سانحہ کے متاثرین سے انصاف کون کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت تعاون پر مبنی اور مسابقتی وفاقیت پر یقین رکھتی ہے اور علاقائی جذبات کو اس کی پالیسیوں میں نمایاں جگہ دی گئی ہے ۔ انہوں نے خواتین تحفظات بل پر کانگریس کے وعدوں کو بھی مضحکہ خیز قرار دیا ۔