این ڈی اے میں شمولیت کی تردید : نیشنل کانفرنس

   

سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے میں شامل ہونے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے اس ضمن میں میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد اور حقیقت سے بعید قرار دیا ہے ۔نیشنل کانفرنس ترجمان تنویر صادق نے کہاکہ بعض نام نہاد صحافیوں نے یہ خبر پھیلائی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ نیشنل کانفرنس مرکزی زیر انتظام علاقہ کی حیثیت کے بدلے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس میں شامل ہونے کی تیاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی بے بنیاد افواہیں پھیلانا شرمناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے ۔ میں نام نہاد صحافیوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کا نام بتائیں جس نے عمر عبداللہ کے ساتھ ملاقات کی تھی یا فوری عہدے سے دستبردار ہو کر عوام سے معافی مانگیں۔تنویر صادق نے ایکس پر لکھا کہ دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ عمر عبداللہ کی ملاقات سب کے سامنے ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ میڈیا کے سامنے عمر عبداللہ نے نارتھ بلاک میں وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ملاقات کی ۔