اے پی اسمبلی میں یوم آزادی تقریب ‘ اسپیکر آئینا پاتروڈو کا خطاب
امراوتی 15 اگسٹ ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش اسمبلی کے اسپیکر آئینا پاتروڈو نے کہا کہ ریاستی اسمبلی اور کونسل میں عوامی مسائل پر بامعنی مذاکرات و مباحث کی ضرورت ہے ۔ اسپیکر اسمبلی 78 ویں یوم آزادی تقاریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے ترنگا پرچم لہرایا اور بابائے قوم گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایوان میں عوامی مسائل پر بامعنی مذاکرات بہت ضروری ہیں اور اس کے نتیجہ میں قانون ساز اداروں کی عزت و وقار میں اضافہ ہوتا ہے ۔ یہ ادارے جمہوریت کے مندر ہیں۔ ہندوستان کی تاریخی جدوجہد آزادی میں قربانیاں پیش کرنے والے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آئینا پاتروڈو نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کے تئیں اپنے فرائض پورے کرے ۔ عوامی امور اور مسائل پر صرف سرگرم اور ثمرآور مباحث کے ذریعہ قانون ساز اداروں کے احترام میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ یوم آزادی پروگرام میں اسمبلی سکریٹری جنرل ‘ ڈپٹی سکریٹریز اور دوسرے عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔