ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق بیداری مہم ، انڈو۔ اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن کا اجلاس
لکھنؤ : اُترپردیش کے ایودھیا میں بابری مسجد کے متبادل الاٹ کردہ 5 ایکر اراضی پر تعمیر ہونے والی مجوزہ مسجد کے احاطہ میں26 جنوری کو پرچم کشائی انجام دی جائے گی اور شجرکاری بھی کی جائے گی۔ رام جنم بھومی۔ بابری مسجد مقام پر رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا تھا کہ بابری مسجد کی جگہ ایودھیا میں دوسری زمین فراہم کی جائے۔ اسی ضلع میں مسجد کیلئے اراضی الاٹ کی گئی تھی۔ اس پر تعمیری کام شروع کیا جارہا ہے۔ انڈو۔ اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے یوم جمہوریہ تقاریب کے سلسلے میں اجلاس منعقد کیا اور ایودھیا مسجد کی تعمیر کے مقام پر ترنگا لہرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بابری مسجد کے مقام سے 25 کیلومیٹر دُور واقع اس موضع میں مسجد کے ساتھ دواخانہ اور دیگر اسلامک سرگرمیوں کیلئے ایک مرکز قائم کیا جارہا ہے۔ 26 جنوری کی صبح 8:30 بجے یوم جمہوریہ تقریب منعقد کی جائے گی۔ فاؤنڈیشن کے 9 ٹرسٹیوں نے کہا کہ مسجد کی تعمیر کیلئے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے کلیرنس نہیں ملا ہے۔ بیرونی امداد وصول کرنے والوں کیلئے انکم ٹیکس کلیرنس ضروری ہے۔ اس موقع پر شجرکاری کا بھی منصوبہ ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کمیونٹی میں شعور بیداری پیدا کرنے کیلئے شجرکاری کی جائے گی۔ ماحولیاتی تبدیلی آج انسانیت کیلئے سب سے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔