رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ کے نام چندہ ، آلوک کمار کارگذار صدر وی ایچ پی کا بیان
حیدرآباد۔ ایودھیا میں رام مندر کی کی تعمیر کیلئے تلنگانہ میں وشوہندو پریشد کی جانب سے 3کروڑ ہندو شہریوں سے رابطہ کیا جائے گا اور رام جنم بھومی تیرتھ ٹرسٹ کے لئے چندہ جمع کیا جائے گا۔ کارگذار صدر مسٹر آلوک کمار نے شہر حیدرآباد میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں وشوہندو پریشد کی جانب سے 3کروڑ عوام تک رسائی حاصل کرتے ہوئے انہیں رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ دینے کی اپیل کی جائے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ ملک بھر میں وشوہندو پریشد کی جانب سے 50تا55 کروڑ عوام سے رابطہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور ملک بھر کے 4لاکھ مواضعات کا وی ایچ پی احاطہ کرے گی۔ آلوک کمار نے بتایا کہ 15جنوری تا27 فروری کے دوران چلائی جانے والی اس مہم میں وشوہندو پریشد کے تمام کارکن حصہ لیتے ہوئے رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ اکٹھا کریں گے اور ملک بھر سے جمع کئے جانے والے چندہ کی شفافیت کے لئے بھی متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں جو وی ایچ پی ٹیمیں چندہ وصولی کا کام انجام دیں گی ان میں 5افراد ہوں گے جو چندہ وصولی مہم کے دوران ہندو شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے چندہ وصول کریں گے اور جو چندہ وصول کیاجائے گا وہ اندرون 48 گھنٹے رام جنم بھومی تیرتھ شیترا ٹرسٹ کے کھاتہ میں جمع کردیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ عالمی سطح پر وشو ہندو پریشد کو فی الحال رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ وصول کرنے کی اجازت حاصل نہیں ہے اسی لئے قومی سطح پر چندہ کی وصولی کا کام انجام دیا جارہا ہے ۔ آلوک کمار نے کہا کہ وی ایچ پی نے بین الاقوامی سطح پر رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ وصولی کی اجازت طلب کی ہے اور امید ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جلد ہی اس سلسلہ میں اجازت دے دی جائے گی ۔انہو ںنے بتایا کہ رام مندر کا مرکزی حصہ 2.7ایکڑ پر محیط ہوگا اور اس سلسلہ میں نقشہ کی تیاری عمل میں لائی جاچکی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ضروری اجازت کے حصول کے بعد وشواہندو پریشد کی جانب سے دنیا کے دیگر ممالک میں جہاں کہیں ہندو رہتے ہیں وہاں سے بھی رام مندر کی تعمیر کیلئے چندہ وصول کیا جائے گا لیکن فی الحال ملک کی تمام ریاستوں میں وی ایچ پی کارکنوں کی نگرانی میں رام مندر کیلئے چندہ وصول کرنے کی مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے یہ مہم چلائی جائے گی۔