ایودھیا میں مسجد کیساتھ ملٹی اسپشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر

   

۔200 بستر والے دواخانہ میں کمیونٹی کچن کے علاوہ ہند اسلامی ریسرچ سنٹر بھی قائم ہوگا

ایودھیا: ایودھیا میں موضع دھنی پور میں مسجد کی تعمیر کیلئے دی گئی 5 ایکر کی اراضی پر مسجد کے ساتھ ساتھ ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ 200 بستروں پر مشتمل اس ہاسپٹل میں ورلڈ کلاس کی سہولتیں ہوں گی۔ انڈو اسلامک کلچر فاونڈیشن نے کہا کہ تعمیری کاموں کی تیاری کی جارہی ہے۔ اترپردیش سنی سنٹر وقف بورڈ کی جانب سے قائم کردہ انڈواسلامک کلچر فاونڈیشن یوپی حکومت کی جانب سے الاٹ کردہ اراضی پر مسجد کی تعمیر کی تیاری کررہا ہے۔ یہ اراضی بابری مسجد کے مقام کے متبادل میں سپریم کورٹ کے احکامات پر الاٹ کی گئی ہے۔ ایودھیا کے ایک موضع میں انڈو اسلامک سنٹر کامپلکس بھی تعمیر کیا جائے گا جس میں کمیونٹی کچن اور ریسرچ سنٹر بھی ہوگا۔ ریسرچ سنٹر میں ایک میوزیم، ایک لائبریری ہوگی۔ انڈو اسلامک کلچر فاونڈیشن کے ترجمان اطہرحسین نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ جگہ دواخانہ کی تعمیر کیلئے مختص کی جائے گی۔ اس میں انڈو اسلامک کامپلکس بھی ہوگا جس کو عوام کی کثیر تعداد کے جمع ہونے کو استعمال کیا جائے گا۔ دواخانہ کا نام ابھی نہیں رکھا گیا ہے۔ آئندہ دو ماہ میں تعمیری کام شروع ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملٹی اسپشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس میں تمام سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ پورے دواخانہ کی تعمیر دو مرحلوں میں کی جائے گی۔ پہلے مرحلہ میں 100 بستروں کیلئے انتظام کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلہ میں مزید 100 بستروں کیلئے عمارت تعمیر کی جائے گی۔ اس دواخانہ میں کینسر کے علاج، ٹرانسپلانٹ، ریڑھ کی ہڈی، امراض قلب، روبوٹکس، آرتھوپیٹکس اور ایمرجنسی خدمات ہوں گے۔ یکم ؍ ستمبر کو ٹرسٹ نے لکھنؤ کے آرکیٹک اور ٹاؤن پلانر کو تعمیری کاموں میں مقرر کیا ہے جو فیکلٹی آف آرکیٹکچر جامعہ ملیہ یونیورسٹی دہلی کے بانی ڈین میں سے ہیں۔