ایونٹ میں پاکستان کی دو میچوں میں دوسری کامیابی ۔ کپتان بابر کو میچ ایوارڈ

   


کرائسٹ چرچ: حارث رؤف (28/3)کی خطرناک بولنگ کے بعد کپتان بابر اعظم کی ہاف سنچری (79 ناٹ آؤٹ) کی مدد سے پاکستان نے ٹرائی سیریز کے دوسرے میچ میں آج ہفتہ کو میزبان نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے 148رنز کا ٹارگٹ رکھا جو پاکستان نے 18.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جوابی اننگز میں جہاں محمد رضوان اور شان مسعود ترتیب وار صرف 4 اور 0 ہی اسکور کرپائے، وہیں بابر نے پاور پلے میں ٹیم کو 44 رنز تک پہنچانے میں کچھ اچھے شاٹس کھیلے ۔ بابر نے 53 گیندوں میں 11چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت دلائی ۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے شاداب خان نے 22 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے ۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 61رنز کی شراکت نے پاکستان کیلئے جیت کی راہ ہموار کی۔ کپتان بابر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ یہ سیریز میں دو میچوں میں پاکستان کی دوسری جیت ہے ۔ بابر زیرقیادت ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو ہرایا تھا۔ آج کے میچ کیلئے بنگلہ دیش کے خلاف جیتنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔