ایٹالہ راجندر نے اپنے پیروں پر کلہاڑی مارلی: کے ٹی آر

   

انتخابات شخصیات کے نہیں پارٹیوں کے درمیان ہوتے ہیں، حضورآباد میں ٹی آر ایس کامیاب ہوگی

حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ایٹالہ راجندر نے اپنے پیروں پر خود کلہاڑی مارلی ہے۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی الیکشن شخصیات پر نہیں بلکہ پارٹیوں کے درمیان ہوتا ہے۔ کے ٹی آر نے آج تلنگانہ بھون میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ایٹالہ راجندر کے بارے میں ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر عزت نفس کا لفظ استعمال کرتے ہوئے خود کو دھوکہ دے رہے ہیں اور دوسروں کو بھی گمراہ کررہے ہیں۔ پارٹی نے انہیں کیا دیا ہے۔ انہیں خود اس کا محاسبہ کرنا چاہئے۔ پارٹی نے انہیں جتنے مواقع فراہم کئے پارٹی میں کسی اور قائد کو وہ مواقع فراہم نہیں ہوئے۔ کابینہ اجلاس میں لئے جانے والے فیصلوں پر کوئی اعتراض ہے تو اسی اجلاس میں اس کی نشاندہی کی جانی چاہئے تھی لیکن ہمدردی حاصل کرنے کے لئے ایٹالہ راجندر برسر عام اس کی مخالفت کررہے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے تعلقات قائم کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے تھے۔ گزشتہ پانچ سال سے ان کے رویے میں اچانک تبدیلی آگئی تھی پھر بھی پارٹی قیادت نے اس کو نظرانداز کرتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ وہ لمحہ آخر تک ان کو پارٹی میں برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ جب پانی سر سے اوپر ہوگیا تو ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے خود اپنی غلطیوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ کے ٹی آر نے ایٹالہ راجندر سے استفسار کیا کہ اگر ان کے عزت نفس کو ٹھیں پہنچی تھی تو وہ پانچ سال تک وزارت میں کیوں برقرار رہے۔ ایٹالہ راجندر کے ٹی آر ایس میں شامل ہونے سے پہلے سے ہی کملاپور میں ٹی آر ایس کافی طاقتور تھی۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے پر زور دیا کہ وہ پدیاترا کیوں کررہے ہیں۔ اس کی عوام کو وجہ بتائیے۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے عوام کے ساتھ کیا ناانصافی ہے؟ انہوں نے مرکزی حکومت کی ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرنے کا بی جے پی کے قائدین کو مشورہ دیا۔