چیف منسٹر سیکولرازم کے علمبردار، اعظم فنکشن ہال میں پارٹی اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔ 27 اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والے ایٹالہ راجندر کو حضورآباد کے ضمنی انتخاب میں شکست دینے کی رائے دہندوں بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی ہے۔ اعظم پورہ فنکشن ہال میں منعقدہ ٹی آر ایس قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ محمد محمود علی نے کہا کہ جس طرح ملک کے غداروں کو سزائے موت دی جاتی ہے بالکل اس طرح پارٹی کے غداروں کو انتخابات میں شکست دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس عوامی پارٹی ہے جو ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے کام کرتی ہے۔ علیحدہ ریاست کی تشکیل کے لئے جدوجہد کرنے کے لئے تشکیل دی گئی تلنگانہ راشٹریہ سمیتی عوام کے آشیرواد سے تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کرنے کے لئے کام کررہی ہے۔ اپنے 7 سالہ دور حکومت میں چیف منسٹر کے سی آر نے کئی اختراعی اسکیمات روشناس کراتے ہوئے ملک بھر میں مثالی حکومت کا نمونہ پیش کیا ہے۔ ریاست میں 24 گھنٹے معیاری برقی دستیاب ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر دنیا کا سب سے بڑا کارنامہ ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کا سیکولرازم شکوک سے بالاتر ہے۔ ایٹالہ راجندر کی سیاسی زندگی چیف منسٹر کی مرہون منت ہے۔ مگر زندگی دینے والی ٹی آر ایس سے ہی ایٹالہ راجندر نے غداری کرتے ہوئے فرقہ پرست بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے اور عوام کے سامنے بڑے بڑے وعدے کررہے ہیں جو کبھی پورے ہونے والے نہیں ہیں۔ وزیر داخلہ نے پٹرول، ڈیزل ، پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے اور حضورآباد میں بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے سبق سکھانے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ ن
