حکومت پر پولیس کی طاقت کا استعمال کرنے کا الزام، فرضی ووٹ تیار کرنے کی شکایت
حیدرآباد ۔ 10 جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی کے قائد سابق وزیر ایٹالہ راجندر نے اپنے اسمبلی حلقہ حضورآباد میں پدیاترا شروع کرنے اور تقریباً 350 تا 400 کیلو میٹر احاطہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ دو یا تین دن میں کملاپور منڈل کے گوپال پور سے وہ اپنی پدیاترا کا آغاز کریں گے۔ پدیاترا کے دوران تمام مواضعات کا دورہ کریں گے اور ایک بڑے جلسہ عام کا بھی اہتمام کریں گے۔ ایٹالہ راجندر نے حکومت پر پولیس کو ٹی آر ایس کے کارکنوں کی طرح استعمال کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکمران ٹی آر ایس کے پول مینجمنٹ کی ذمہ داری پولیس کے حوالے کردی گئی ہے۔ (مفتی) سادہ لباس میں پولیس ٹی آر ایس کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنہا انتخابی میدان میں ہے جبکہ ٹی آر ایس حکومت کی ساری طاقت جھونک دی ہے۔ وہ جمہوریت پر یقین رکھنے والے کی تائید سے انتخابی مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ مقابلہ ایٹالہ راجندر اور کے سی آر کے درمیان انصاف اور ناانصافی کا مقابلہ ہے۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ٹی آر ایس ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پیسہ پانی کی طرح بہا رہی ہے۔ تاہم میرے حلقہ کے عوام ووٹ کو ایک لاکھ روپئے دینے کی صورت میں بھی مجھے ہی ووٹ دینے کا یقین دلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حضورآباد کے عوام کو بڑے پیمانے پر لالچ دے رہی ہے۔ دوسرے مقامات کے لوگوں کو حضورآباد اسمبلی حلقہ میں بحیثیت ووٹرس اندراج کررہی ہے اور فرضی ووٹرس کو تیار کیا جارہا ہے۔ جو ووٹ ٹی آر ایس کو ملنے والے نہیں ہیں انہیں فہرست رائے دہندگان سے خارج کیا جارہا ہے۔ ایک ایک گھر میں 30 تا 40 فرضی ووٹوں کو تیار کیا جارہا ہے۔ ٹی آر ایس کی بے قاعدگیوں میں تعاون کرنے والے عہدیداروں کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو قانون سے بالاتر ہوکر غلاموں کی طرح کام نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ فرضی ووٹوں کے خلاف احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔