تائیوان کی کمپنی نے امریکہ اور چین کی کشیدگی کے بعد اپنے یونٹ کے قیام کے لیے تلنگانہ کا انتخاب کیا
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام کے لیے فرینڈلی ماحول کو دیکھتے ہوئے ایپل کمپنی نے حیدرآباد میں آئی فون پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ بیرونی ممالک کے کارپوریٹ ادارے تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد میں بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری کرنے میں اپنی دلچسپی دیکھا رہے ہیں ۔ دنیا کی سب سے بڑی الکٹرانکس آلات تیار کرنے والی کمپنی Foxconn بھی حال ہی میں اس فہرست میں شامل ہوگئی ہے ۔ تائیوان کی صنعتی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریاست میں آئی فون مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرے گی ۔ ضلع رنگاریڈی کے کونگارا کلاں میں آئی فون کے لیے ایک خصوصی یونٹ قائم کیا جارہا ہے ۔ کمپنی نے ہندوستان میں آئی فونس کی خرید میں زبردست اضافہ اور ساتھ ہی امریکہ اور چین کے درمیان پیدا ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے چین میں موجود ایپل پلانٹ کو دوسرے ممالک میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہندوستان میں کہاں اس کا قیام عمل میں لایا جائے ۔ 6 ماہ تک محتاط انداز میں غور و فکر کرنے کے بعد بالآخر تلنگانہ کا انتخاب کیا ہے ۔ اگرچیکہ ماضی میں کئی نام سامنے آئے تھے ۔ لیکن تلنگانہ حکومت کی متاثر کن صنعتی پالیسی سے وہ بے حد متاثر ہوئی ہے ۔ جس کے بعد شہر کے مضافات میں آئی فون پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔ ن