ایچ ڈی ایف سی بینک سی ای او جگدیشن کی درخواست پرآج سماعت

   

نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ جمعہ کو ایچ ڈی ایف سی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹرششیدھر جگدیشن کی درخواست پر سماعت کرے گی جس میں ان کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کے معاملے کو ختم کرنے کی مانگ کی گئی ہے ۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس کے ونود چندرن کی تعطیلی بنچ نے جمعرات کو جگدیشن کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل مکل روہتگی کی درخواست کو جلد سماعت کے لیے قبول کر لیا۔ بنچ نے درخواست کی سماعت کیلئے 4 جولائی کی تاریخ مقرر کی۔ 30 جون کو، بامبے ہائی کورٹ نے ان کی عرضی پر جلد سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھااور کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر 14 جولائی کو غور کرے گی۔ جب انہیں فوری راحت نہیں ملی، تو انھوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ لیلاوتی کیرتی لال مہتا میڈیکل ٹرسٹ نے جگدیشن کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کی شکایت کی تھی۔ جگدیشن پر الزام ہے کہ انھوں نے ٹرسٹ کی انتظامیہ پرچیتن مہتا گروپ کو غیر قانونی اور غیر ضروری کنٹرول برقرار رکھنے میں مالی مشورہ دینے کے عوض 2.05 کروڑ روپے کی رشوت لی ہے ۔