ایڈن گارڈن قرنطینہ سنٹر میں تبدیل

   

کولکتہ ۔ ہندوستان کا مشہور میدان ایڈن گارڈن کولکتہ پولیس کے لیے قرنطینہ سنٹر بنا دیا گیا۔حکام کے مطابق شہر کے دواخانوں میں مریضوں کے ہجوم کے باعث اسٹیڈیم کو پولیس عہدیداروں کے لیے قرنطینہ سنٹر بنایا گیا ہے، مریضوں کے لیے بستر اسٹیڈیم کی پچ سے ہٹا کر گیلریز میں لگائے گئے ہیں۔کولکتا پولیس کے ساڑھے پانچ سو عہدیدار کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ایڈن گارڈن کے مشہور اسٹیڈیم میں 1987 کے کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا تھا۔ آسٹریلیائی کپتان ایلن بارڈر ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائے تھے۔ریلائنس ورلڈ کپ کے نام سے کھیلے گئے ایونٹ میں ایلن بارڈر کی قیادت میں آسٹریلیا نے مائیک گیٹنگ کی انگلش ٹیم کو 7 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا، جبکہ یہ پہلا کرکٹ ورلڈکپ تھا جو انگلینڈ سے باہر کسی دوسرے ملک میں کھیلا گیا ہے۔خیال رہے کہ ایڈن گارڈن ہی وہ اسٹیڈیم ہے جہاں 1999 کی ٹسٹ سیریز کے دوران اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے پہلے راہول ڈراڈویڈ اور پھر لیجنڈری سچن تنڈولکر کو متواتر دوگیند پر کلین بولڈکیا تھا اور سچن کا یہ گولڈن ڈک بھی تھا۔واضح رہے کہ ہندوستان کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جہاں کورونا سے 22 ہزار 153 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 23 ہزار 927 ہو گئی۔