ایڈوکیٹ کشور کیخلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کی تجویز

   

نئی دہلی، 8 اکتوبر (یواین آئی) سپریم کورٹ کے ایک وکیل نے اٹارنی جنرل آر وینکٹ رامانی سے چیف جسٹس بی آر گاوائی پر 6 اکتوبر کو مبینہ حملے کی کوشش کے سلسلے میں ایڈوکیٹ راکیش کشور کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کی اجازت طلب کی ہے ۔ایڈوکیٹ آن ریکارڈ سبھاش چندرن کے آر نے اٹارنی جنرل کو اپنی درخواست میں کہاکہ یہ واضح طور پر سپریم کورٹ کے اختیارات کو کم کرنے اور انصاف کے انتظام میں مداخلت اور رکاوٹ کا معاملہ ہے ، جس میں انہوں نے عدالتی کارروائی کے دوران اپنا جوتا اتارا اور چیف جسٹس آف انڈیا پر ان کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے پھینکنے کی کوشش کی۔
اپنی درخواست میں انہوں نے کہاکہ “یہ بات قابل ذکر ہے کہ 6 اکتوبر کے واقعے کے بعد بھی مبینہ گستاخ نے مختلف میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے خلاف توہین آمیز اور انتہائی جارحانہ تبصرے جاری رکھے ، جہاں انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے کیے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے ۔”ان کی درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے ، “توہین کرنے والے کا طرز عمل اور مسلسل کارروائیاں مجرمانہ توہین عدالت ہیں، جو توہین عدالت ایکٹ 1971 کے سیکشن 12 کے تحت قابل سزا ہے ۔”