ایڈیشنل کلکٹر ملگ کی سرکاری ایریا ہاسپٹل میں ڈیلیوری

   


عوام کیلئے قابل تقلید اقدام، وزیر صحت ہریش راؤ نے مبارکباد دی
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں کے بارے میں عوام کو باشعور بنانے کیلئے ملگ ضلع کی ایڈیشنل کلکٹر نے اپنی ڈیلیوری گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں کروائی اور انہیں لڑکا تولد ہوا۔ ایڈیشنل کلکٹر ( لوکل باڈیز) ایلا ترپاٹھی نے پیر کی رات بھوپال پلی کے گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں لڑکے کو جنم دیا۔ حکومت کی جانب سے حال ہی میں سرکاری دواخانوں میں علاج کی عصری سہولتیں فراہم کی گئیں اور حکومت نے سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کی حوصلہ افزائی کی مہم شروع کی ہے۔ ایلا ترپاٹھی جو ضلع کلکٹر بھاویش مشرا کی اہلیہ ہیں انہیں دوپہر میں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جبکہ انہیں دردِ زہ کا آغاز ہوا تھا۔ سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل ڈاکٹر سنجیویا کی نگرانی میں ڈاکٹرس کی ایک ٹیم نے ابتداء میں نارمل ڈیلیوری کی کوشش کی لیکن ممکن نہ ہوسکا کیونکہ ڈاکٹرس کے مطابق لڑکے کا وزن زیادہ تھا لہذا ڈاکٹرس نے سرجری کی۔ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر سری دیوی، ڈاکٹر لاونیا، ڈاکٹر سندھیہ رانی اور ڈاکٹر ودیا نے سرجری انجام دی۔ سپرنٹنڈنٹ کے مطابق نومولود کا وزن 3.4 کیلو ہے اور ماں اور بچہ صحت مند ہیں۔ تلنگانہ کا آئی اے ایس جوڑا عوام کیلئے ایک مثال بن چکا ہے اور سرکاری دواخانہ میں ڈیلیوری کے سبب عوام کو خانگی ہاسپٹلس سے رجوع ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ضلع کلکٹر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے بھاویش مشرا نے سرکاری دواخانوں کی حالت بہتر بنانے اور علاج کی عصری سہولتوں پر توجہ دی تاکہ غریب عوام کو فائدہ پہنچے۔ 2017 آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والی ایلا ترپاٹھی کا تعلق لکھنؤ سے ہے اور انہوں نے منچریال میں ایڈیشنل کلکٹر ( لوکل باڈیز ) کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ سیول سرویسس میں داخلہ سے قبل وہ آئی ٹی انجینئر تھیں اور انہوں نے کئی کتابیں تصنیف کیں۔ وہ سیول سرویس کے خواہشمند امیدواروں کیلئے قابل تقلید ہیں۔اسی دوران وزیر صحت ہریش راؤ نے ضلع کلکٹر اور ایڈیشنل کلکٹر کو مبارکباد پیش کی۔ سرکاری ایریا ہاسپٹل میں ڈیلیوری کی اطلاع پر ہریش راؤ نے ٹوئٹر پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کیلئے باعث فخر ہے کہ ریاست میں چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں بنیادی ہیلت انفرااسٹرکچر سہولتوں میں اضافہ ہوا ہے اور سرکاری دواخانے عوام کی اولین ترجیح بن چکے ہیں۔ر