ہندوستانی بحریہ کے گروپ کیپٹن اور خلاباز شبھانشو شکلا نے ہندوستانی پرچم بلند کیا
نئی دہلی۔26؍جون (ایجنسیز) ایکسیوم-4 مشن کی کامیاب لانچنگ ہو چکی ہے۔ فالکن راکٹ نے کامیابی کے ساتھ خلا کی طرف اڑان بھر لی ہے۔ ہندوستان کی طرف سے شبھانشو شکلا مشن کے کرو کا حصہ ہیں۔ اس مشن میں کئی دیگر ملکوں کی حصہ داری ہے۔ہندوستانی بحریہ کے گروپ کیپٹن اور خلاباز شبھانشو شکلا خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے 1984 میں خلاباز راکیش شرما نے خلائی سفر کیا تھا۔ راکیش شرما نے خلا میں جانے کے بعد کہا تھاکہ ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘۔خلائی سفر پرروانہ ہوئے شبھانشو شکلا نے خلائی جہاز پر سوار ہونے کے بعد ہندوستانیوں کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔ خلائی جہاز میں 10 منٹ کے سفر کے بعد شبھانشو نے جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے کندھوں پر ترنگا لگا ہوا ہے۔ اس طرح میں ہر ہندوستانی سے جڑا ہوا ہوں۔ شبھانشو شکلا نے تین دیگر خلائی مسافروں کے ساتھ ’ایکسیوم-4‘ مشن کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے سفر کیلئے اڑان بھر کر تاریخ رقم کر دی ہے۔شبھانشو شکلا نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے پیارے ہم وطنوں، 41 سال بعد ہم پھر خلا میں پہنچ گئے ہیں۔ یہ یادگار سفر ہے۔ ہم 7.5 کلومیٹر فی سکنڈ کی رفتار سے زمین کا چکر کاٹ رہے ہیں۔شبھانشو شکلا نے کہا کہ ترنگا مجھے بتاتا ہے کہ میں آپ سبھی کے ساتھ ہوں اور یہ صرف آئی ایس ایس تک ہی میرے سفر کی شروعات نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی انسانی خلائی اڑان کی بھی شروعات ہے۔ شبھانشو سمیت چاروں خلائی مسافر چہارشنبہ کو ایکسیوم اسپیس کے ذریعہ ایک تجارتی مشن کے تحت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کیلئے فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سنٹر میں ڈریگن خلائی جہاز میں سوار ہوئے۔یہ طیارہ اسپیس ایکس کمپنی کی طرف سے روانہ کیا گیا ہے جس پر مالکانہ حق مشہور صنعت کار ایلون مسک کا ہے۔ کئی مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد ایکسیوم-4 مشن کے لیے چہارشنبہ کو دوپہر 12 بج کر 1 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا تھا اور طے وقت پر ہی یہ خلائی جہاز پرواز کر گیا۔لکھنؤ میں پیدا ہوئے شبھانشو شکلا کے علاوہ امریکی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ کے خلائی مسافر سابق مشن کمانڈر پیگی وہسٹن، ہنگری کے خلائی مسافر ٹبور کپو اور پولینڈ کے سلاووز اُجنانسکی-وسنیوسکی مشن کا حصہ ہیں۔ اسپیس ایکس نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ خلائی اسٹیشن جانے کے لیے ایکسیوم-4 کے اے ایکس-4 مشن کی لانچنگ کے لحاظ سے سبھی سسٹم صحیح نظر آ رہے ہیں اور اڑان کے لیے موسم 90 فیصد موافق ہے۔ایکسیوم-4 تجارتی مشن کی قیادت کمانڈر پیگی وہسٹن کر رہی ہیں جس میں شکلا مشن پائلٹ ہیں اور ہنگری کے خلائی مسافر ٹبور کپو و پولینڈ کے سلاووز مشن کے ماہر ہیں۔