ایک خاتون نے 4 بچوں کو جنم دیا

   

تین لڑکے اور ایک لڑکی شامل۔ ماں و بچے صحتمند، ڈاکٹرس کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 20 اگست (سیاست نیوز) شہر کے نیلوفر ہاسپٹل میں ایک خاتون آمینہ النساء نے 4 بچوں کو جنم دیا۔ نیلوفر گائیناکالوجی شعبہ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر بی راجیشوری نے بتایا کہ ماں اور بچے صحتمند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر 5 لاکھ خواتین میں ایسا ایک کیس ہوتا ہے۔ خیرت آباد ایم ایس مقطعہ کے ساکن سید عمران اور آمینہ النساء کو پہلے دو بچے ہیں۔ ڈاکٹر راجیشور نے بتایا کہ 8 ماہ قبل آمینہ النساء تیسری مرتبہ حاملہ ہوئی۔ پانچویں ماہ میں ڈاکٹرس نے اسکیاننگ کی جس میں پتہ چلا کہ چار بچے ہیں۔ 7 ویں ماہ میں آمینہ کو دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ 10 ڈاکٹرس کی ایک ٹیم تشکیل دے کر آمینہ کی صحت پر نظر رکھی گئی۔ 8 ویں ماہ کی تکمیل کے بعد آپریشن کے ذریعہ زچگی کی گئی۔ 4 بچے تولد ہوئے جس میں 3 لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ ان بچوں کو نیونیٹل کیر یونٹ میں ڈاکٹرس کی نگرانی میں رکھا گیا ۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ دو تین دن میں خاتون کو ڈسچارج کردیا جائیگا۔ن