کانگریس حکومت عوام سے وضاحت کرے، اسکیم کو ذات پات مذہب سے بالاتر رکھیں
حیدرآباد /4 جنوری ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کی رکن اسمبلی سابق وزیر سبیتا اندرا ریڈی نے کانگریس حکومت سے استفسار کیا کہ شادی مبارک کلیان لکشمی اسکیمات سے متعلق ایک لاکھ روپئے کی رقم اور ایک تولہ سونا دلہن کو بطور تحفہ دینے کی اسکیم کا کب سے آغاز کیا جائے گا ۔ کانگریس پارٹی نے عوام سے وعدہ کیا تھا جس پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام نے کانگریس کو اقتدار حوالے کیا ہے ۔ تاہم اس اسکیم کی عمل آوری سے متعلق حکومت نے کوئی وضاحت نہیں کی جس سے عوام میں الجھن پائی جاتی ہے ۔ اسمبلی حلقہ مہیشورم کے میرپیٹ میونسپل کارپوریشن بڈنگ پیٹ میونسپل کارپوریشن کے حدود میں شادی مبارک اور کلیان لکشمی کے چیکس تقسیم کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ غریب لڑکیاں شادیوں کیلئے ماں باپ پر بوجھ ثابت نہ ہو اس معاملے میں انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کے سی آر نے ان اسکیمات کو نہ صرف متعارف کرایا بلکہ کامیاب طریقہ سے اس پر عمل بھی کیا ہے ۔ اسکیم کو ذات پات اور مذہب سے بالاتر رکھتے ہوئے سماج کے تمام غریب عوام کو فائدہ پہونچایا ہے ۔ اس طرح کی اسیمات ملک میں کسی بھی ریاست میں نہ ہونے کا دعوی کیا ۔ کانگریس حکومت بھی فلاحی اسکیمات کی عمل آوری میں کوئی امتیاز نہ کرے بلکہ تمام اہل افراد کو اس سے فائدہ پہونچائے ۔ کانگریس حکومت شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم پر کب سے عمل آوری کرے گی ایک لاکھ روپئے کے ساتھ ایک تولہ سونا دینے کے وعدے پر جلد از جلد عمل کرتے ہوئے غریب عوام کو فائدہ پہونچائے ۔ 2