ایک لاکھ روپئے سبسیڈی کے چیکس کی چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں 19 اگسٹ کو تقسیم

   

نمائش میدان میں تقریب، پائیلٹ کی ٹریننگ کیلئے محمد اسرار کو 35 لاکھ روپئے کے سی آر نے منظور کئے: محمود علی
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں اقلیتی امیدواروں میں ایک لاکھ روپئے امدادی اسکیم کے چیکس کی تقیسم کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ چیف منسٹر 16 اگسٹ کے بجائے 19 اگسٹ کو نمائش میدان پر حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقہ جات کے تحت منتخب 4000 افراد میں ایک لاکھ روپئے کے چیکس تقسیم کریں گے جبکہ اضلاع میں 6000 اقلیتی امیدواروں میں چیکس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ اسکیم کے تحت پہلے مرحلہ میں 10 ہزار افراد کو امدادی رقم جاری کی جائے گی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بتایا کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں مزید 10 ہزار افراد میں امدادی رقم کے چیکس جاری کئے جائیں گے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اقلیتوں کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ بینکوں میں چھٹیوں کے پیش نظر چیکس کی دستیابی میں دشواری کے سبب 16 اگسٹ کی تقریب 19 اگسٹ کو منعقد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ محمود علی کے مطابق صد فیصد سبسیڈی سے ہزاروں مسلمانوں کو فی کس ایک لاکھ روپئے کا فائدہ ہوگا جسے واپس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ محبوب نگر کے ساکن اقلیتی اقامتی جونیر کالج کے طالب علم محمد اسرار نے انٹر میڈیٹ میں اعلیٰ نشانات کے ساتھ کامیابی کے بعد اے ایم ای سیٹ میں ہندوستان میں 151 واں رینک حاصل کیا۔ کمزور معاشی حالت کے سبب پائیلٹ کی ٹریننگ میں داخلے سے قاصر ہیں۔ وزیر داخلہ محمود علی نے چیف منسٹر کو محمد اسرار کے حالات سے واقف کرایا اور حکومت کی جانب سے امداد کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کو ہدایت دی کہ 35 لاکھ روپئے جاری کریں تاکہ پائیلٹ کی ٹریننگ حاصل کرسکیں۔ محمد اسرار عنقریب بیگم پیٹ میں واقع راجیو گاندھی ایوی ایشن اکیڈیمی میں داخلہ حاصل کریں گے۔ اس سے قبل حکومت نے سلویٰ فاطمہ کو پائیلٹ کی ٹریننگ کیلئے 30 لاکھ روپئے کی مدد کی تھی۔ محمود علی نے کہا کہ عنقریب مسلم ٹھیلہ بنڈی، فٹ پاتھ کے کاروباری اور دیگر کاروبار کیلئے منفرد سبسیڈی اسکیم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں حکومت نے اقلیتوں کی ترقی پر غیر معمولی بجٹ خرچ کیا ہے۔ اسکیمات کیلئے محمود علی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا ہے ۔