ایک لوک سبھا اور 4 اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات‘ 12 اپریل کوووٹنگ

   

نئی دہلی :پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج آ چکے ہیں، اور اب ضمنی انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ ایک لوک سبھا اور چار اسمبلی سیٹوں پر 12 اپریل کو ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ان میں مغربی بنگال کی آسنسول لوک سبھا سیٹ بھی شامل ہے جو بابل سپریو کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ، مہاراشٹرا، مغربی بنگال اور بہار کی ایک ایک اسمبلی سیٹ پر بھی ضمنی انتخاب ہونا ہے۔ 16 اپریل کو ان ضمنی انتخابات کے نتائج کا ووٹوں کی گنتی کے بعد اعلان کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ بابل سپریو نے گزشتہ سال اپنی لوک سبھا سیٹ آسنسول سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعد میں انھوں نے بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس کا دامن تھام لیا۔ اب اس خالی سیٹ پر ضمنی انتخاب ہونے والا ہے۔ چونکہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج برآمد ہو چکے ہیں، تو انتخابی کمیشن کی توجہ ضمنی انتخابات پر ہے۔ جن چار اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونے ہیں ان میں مغربی بنگال کی بیلی گنج سیٹ، چھتیس گڑھ کی خیر گڑھ سیٹ، بہار کی بوچہا سیٹ، اور مہاراشٹرا کی کولہاپور نارتھ سیٹ شامل ہیں۔ان ضمنی انتخابات کے لیے 17 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، 24 مارچ کو نامزدگی کے لیے آخری تاریخ ہوگی اور نامزدگی کی جانچ 25 مارچ ہوگی۔ امیدواروں کے ذریعہ اپنا نام واپس لینے کی آخری تاریخ 28 مارچ مقرر کی گئی ہے اور ووٹنگ کے لیے 12 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ نتائج کا اعلان 16 اپریل یعنی ہفتہ کو کیا جائے گا۔