Patio گھر کے اطراف میں صحن کو کہتے ہیں۔یہ اسپینش لفظ ہے۔یہ انگریزی میں گھر کے احاطے میں واقع Courtyard بھی کہلاتا ہے۔جو گھر کی بیرونی دیواروں کے اندر ایک مخصوص گوشہ ہوتا ہے جسے جدید اور روایتی طرزِ تعمیر کا مجموعہ کہنا چاہئے۔کچھ ماہرِ تعمیرات مکانوں کے صدر دروازوں سے چند فرلانگ کے فاصلے پر عام فرش سے پانچ چھ انچ اونچی زمین پر گویا ایک اسٹیج ہی بنا دیتے ہیں، جسے دور سے دیکھا جائے تو نشست سے بچھی معلوم ہوتی ہے۔ اس نشست نما جگہ کو کئی انداز سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔گویا یہ جگہ ایک سے زائد مقاصد کیلئے استعمال میں لائی جا سکتی ہے۔ کھانا کھانے کی جگہ کے طور پر اس تصوراتی سی جگہ کو پْرکیف بنانا ہو تو یہاں آؤٹ ڈور کچن اور کھانے کی جگہ بنایا جا سکتا ہے۔ ہر وقت کمرے میں پْرتکلف دعوتوں کا مزہ نہیں آتا، کبھی کبھار باربی کیو گرل کا پروگرام بنائیے۔ اپنا گیس کنکشن اس رخ سے لگوائیے کہ باہر چولہا فٹ ہو سکے۔اسے لینٹرنز یا دیوار میں نصب روشنیوں سے جگمگائیے، پکنک کا ماحول بنا لیجئے۔اب تو سیکورٹی کے ایسے گھمبیر مسائل ہو گئے ہیں کہ فیملی کے ساتھ دْور دراز سیر و تفریح کیلئے جانا خطرے سے خالی نہیں۔اس Patio کو ایک اسٹائل دے کر بے رونق سی جگہ کو آباد کیا جا سکتا ہے۔باقی دو چار بے تکلف احباب اور بچوں کے دوست ہلا گلا کرنے یا رونق لگانے کیلئے کافی ہوں گے۔ محفل کی محفل سجے گی، لذت کام و دہن کا دور چلے گا اور یاد رکھئے خوش رہنے کا یہ وقت پھر نہ جانے کب لوٹ کے آئے۔
بچوں کا پلے ایریا : بچے کھیلتے کھیلتے چوٹ لگا بیٹھیں تو ان کے بہلاوے اور دلاسے کیلئے بڑے کہتے ہیں کوئی بات نہیں چیونٹی کو چوٹ لگی یا بچے تو گرتے پڑتے ہی بڑے ہوتے ہیں، مگر ٹھہریئے! آپ ماں ہیں، آپ ایسے حالات ہی پیدا نہ ہونے دیں کہ بچہ گرے تو بْری طرح زخمی ہو۔ Patio پر روزانہ صفائی کروائیں اور جب بچے کھیلیں تو زخمی کر دینے والی کوئی نوکدار یا کھردری چیز قریب نہ رکھی رہے۔بچے اپنا منی بلیک بورڈ باہر لے جانا چاہیں تو روکیں مت، پلاسٹک کی کرسیاں اور ٹیبل بھی وہیں رکھوا دیں تاکہ وہ اپنے انداز سے کھیل کود لیں، مگر کوشش کریں کہ مغرب سے پہلے پہلے وہ کمروں میں واپس آ جائیں۔خاص طور پر ایسے گھروں میں جہاں تازہ پودے رکھے ہیں یا لان بھی ہو تو وہاں شام میں مچھروں کی بہتات کو روکنا بھی کٹھن ہو سکتا ہے۔اپنے بچوں کے جسموں پر Mosquito Repellent ضرور لگا دیا کریں، لیکن جس بچے کو دمے یا سانس کی تکلیف ہو اُسے کم مقدار میں یہ محلول لگائیں، خیال رکھیں اس بچے کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔