فون کی دستیابی سے قتل کا معمہ حل ۔ نعش دریافت اور شناخت ۔ ملزم کو عدالتی تحویل میں دیدیا گیا
حیدرآباد : /26 فبروری (سیاست نیوز) معمولی بات پر ایک دوست نے دوسرے کا قتل کردیا اور نعش کو پتھروں میں پھینک کر سیل فون کی رہزنی کرلی ۔ بالاپور پولیس نے 25 سالہ نوجوان محمد شاہ فیصل کی نعش کو برآمد کرلیا جو گزشتہ ہفتہ سے پراسرار طور پر لاپتہ تھا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں شاہ فیصل کے قاتل عبدالجبار کو گرفتار کرلیا جس نے معمولی بات پر اپنے ساتھی کا قتل کردیا ۔ 22 سالہ عبدالجبار مینار کالونی شاہین نگر کا ساکن ہے جس نے اپنے دوست شاہ فیصل پر لاٹھی سے حملہ اور وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا ۔ شاہ فیصل /12 فبروری سے لاپتہ تھا ۔ اس کے والد نے گمشدگی کی شکایت بالاپور پولیس میں کروائی تھی ۔ شاہ فیصل کے قتل کا انکشاف اس کے موبائیل فون سے ہوا جس کو عبدالجبار نے چھین لیا تھا ۔ شاہ فیصل کے متعلق تحقیقات کے دوران پولیس نے اسکے سیل فون کو چندرائن گٹہ کے ساکن سید شاہد سے برآمد کیا ۔ شاہد سے تفتیش کے دوران اس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے موبائیل فون مینار کالونی کے ساکن وجاہت علی سے خریدا ہے جب پولیس نے وجاہت کو حراست میں لیا تو اس بات کا انکشاف ہوا ہے ۔ وجاہت نے فون عبدالجبار سے خریدا تھا جو شاہ فیصل کا ساتھی ہے ۔ پولیس نے عبدالجبار سے پوچھ تاچھ کے دوران شاہ فیصل کے قتل کا پتہ چلایا اور مقام واردات پہونچکر شاہ فیصل کی نعش کو برآمد کرلیا اور شناخت کرلی گئی ۔ /12 فبروری کو شاہ فیصل عبدالجبار سے ملاقات کیلئے مینار کالونی گیا تھا ۔ دونوں مینار کالونی کی ایک کھلی اراضی پر پہونچے اور بات چیت جاری تھی کہ ان دونوں میں بحث و تکرار تلخ ہوگئی اور بدکلامی شروع ہوگئی ۔ اسی دوران عبدالجبار مشتعل ہوگیا اور اس نے لاٹھی سے فیصل پر حملہ کردیا ۔ جیسے ہی فیصل زخمی ہوا عبدالجبار نے وزنی پتھر ڈال کر فیصل کو قتل کردیا اور نعش کو پتھروں میں چھپاکر سمنٹ کے تھیلے سے ڈھانک دیا اور فیصل کا فون لے کر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں عبدالجبار کو عدالت میں پیش کردیا ۔ ع