آخری رسومات میں شرکت کے بعد متاثر ، سوریہ پیٹ میں واقعہ
حیدرآباد۔ کورونا کیسوں میں ریاست میں قابل لحاظ کمی ہوئی لیکن قواعد کی خلاف ورزی پر کورونا پھیلنے کا خطرہ برقرار ہے جس کی تازہ مثال سوریا پیٹ ضلع کا واقعہ ہے جہاں ایک ہی خاندان کے 22 افراد متاثر ہوئے۔ کورونا کے سلسلہ میں سوریا پیٹ ضلع پھر سرخیوں میں آگیا ۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ایک شخص کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد ایک خاندان کے 22 افراد پازیٹیو پائے گئے ۔ محکمہ صحت نے ایک شخص کی پازیٹیو رپورٹ کے بعد خاندان کے دیگر افراد کا ٹسٹ کرایا جس میں 21 میں کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر ہرش وردھن نے بتایا کہ تمام 22 متاثرین میں علامات نہیں ہیں تاہم انہیں کورنٹائن کیا گیا ۔ متاثرہ خاندان سے ربط میں رہنے والے دیگر 16 افراد کو کورنٹائن کی ہدایت دی گئی تاکہ ان میں وائرس کے پھیلنے کا خطرہ نہ رہے ۔ ایک ہفتہ کورنٹائن کے بعد ان کا ٹسٹ کیا جائے گا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب سوریا پیٹ ضلع میں کیسوں میں اچانک اضافہ دیکھا گیا۔ اپریل میں ایک ہی دن میں 26 افراد کے متاثر ہونے کے بعد ضلع میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ حکام نے متاثرین سے ربط میں رہنے والے افراد کا پتہ چلالیا اور ان پر نظر رکھی جارہی ہے۔ گذشتہ ہفتہ ضعیف شخص کا انتقال ہوا اور آخری رسوم میں شریک ایک شخص کو جو ٹی بی کا مریض ہے کورونا ٹسٹ پازیٹیو پائے جانے کے بعد حکام نے چوکسی اختیار کرلی تھی۔
